0
Thursday 7 May 2020 03:07
پی ٹی آئی رہنماؤں کی تاجر برادری کے ساتھ پریس کانفرنس، کاروبار کھولنے کا مطالبہ

سندھ حکومت بلاول ہاؤس کے بنکر میں چھپی ہوئی ہے، کراچی کے لوگ بھوک سے مررہے ہیں، خرم شیر زمان

سندھ حکومت بلاول ہاؤس کے بنکر میں چھپی ہوئی ہے، کراچی کے لوگ بھوک سے مررہے ہیں، خرم شیر زمان
اسلام ٹائمز۔ تاجر رہنماؤں کے وفد نے عتیق میر کی سربراہی میں پی ٹی آئی سیکریٹریٹ انصاف ہاؤس میں پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ملاقات کا مقصد ہم کسی پر منزل پہنچ جائیں، ہمارا مطالبہ یہی ہے کہ سندھ حکومت فوری ایس او پیز بنائے، اب تنخواہ دینے والا طبقہ بھی پریشان ہوچکا ہے، اس وقت کراچی کو بند کرنا مناسب نہیں، ہم سیاست کو خدمت سمجھتے ہیں، لاکھوں لوگوں کی یہاں بیٹھ کر ترجمانی کررہے ہیں، وزیراعظم کو بھی ہم نے کراچی کی صورتحال کا بتایا، کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سعید آفریدی، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری فہیم خان، سیکریٹری اطلاعات و ترجمان کراچی جمال صدیقی، رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر، پی ٹی آئی رہنما ارسلان مرزا، عمران صدیقی، توقیر احمد اور دیگر موجود تھے۔

خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ ہم نے ایس او پی بنانی ہے، سندھ حکومت بلاول ہاؤس کے بنکر میں چھپی ہوئی ہے، آج کراچی کے لوگ بھوک سے مررہے ہیں، سندھ میں کورونا شام 5 بجے نکلتا ہے، 5 بجے سے پہلے کسی کو بھی کورونا نہیں لگتا، یہ تاجر اس ملک کو اربوں روپے ٹیکس دیتے ہیں، ان کی وجہ سے پورا پاکستان چل رہا ہے، تحریک انصاف ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم سے تاجروں کی ملاقات کرائیں گے، تاجروں کی ہر ممکن مدد کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں، آن لائن کاروبار مراد علی شاہ کا ہوگا، آن لائن کاروبار کے لئے کوئی نظام نہیں بنایا گیا۔ مراد علی شاہ کو اپنے ساتھ مخلص لوگ رکھنے کی ضرورت ہے، انہیں احساس ہو کہ اگر کراچی بند ہوگیا تو پورا پاکستان بند ہوجائے گا۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت کی اتنی ہمت نہیں کہ ایس او پی بناسکیں، ہم ان کی مدد کے لئے تیار ہیں، بلاول نے کہا کہ میں جوابدہ نہیں ہوں، بلاول کو بتادینا چاہتے ہیں کہ آپ اور آپ کی حکومت عوام کو جوابدہ ہیں، ہم نے ان تاجروں کے لئے آواز اٹھانی ہے، آگے اموات کورونا کے بجائے بھوک سے ہونگی، تب معاملات ہاتھ سے نکل جائیں گے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ خالی نوٹیفکیشن نکالنے سے سندھ کے معاملات حل نہیں ہونگے، ہماری مساجد اور تراویح بھی انہوں نے بند کردی ہیں، ہم ان کی آواز پہنچارہے ہیں، ہم اپنا کردار ادا کررہے ہیں، ہم کسی قسم کی افراتفری نہیں کرانا چاہتے، ہم صرف ایس او پیز کا مطالبہ کررہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 861159
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش