0
Thursday 7 May 2020 09:55

یوم علیؑ کے انعقاد کا فیصلہ حکومت کرے گی تاہم پولیس تیار رہے، آئی جی

یوم علیؑ کے انعقاد کا فیصلہ حکومت کرے گی تاہم پولیس تیار رہے، آئی جی
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عوام کی جان و مال اور مذہبی عبادت گاہوں کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر اقدامات کئے جائیں جبکہ یوم حضرت علی علیہ السلام کے ماتمی جلوسوں اور مجالس کی اجازت کے حوالے سے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کیلئے بھرپور تیاری رکھی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں کورونا سے متاثرہ پولیس اہلکاروں کو ویلفیئر فنڈ سے فی کس 25 ہزار روپے دیئے جائیں جبکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم رکھنے کیلئے پولیس اہلکار دوران ڈیوٹی سماجی فاصلوں، ہینڈ سینی ٹائرز سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر پابندی کو سختی سے یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر دکانوں اور مارکیٹوں پر عائد پابندی اور ٹائم ٹیبل کی پاسداری سے سختی سے عمل درآمد کروایا جائے اور دکانوں کے شٹر گرا کر چوری چھپے کاروبار کرنیوالے قانون شکن عناصر کیخلاف قانونی کارروائی میں دیر نہ کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کے اس وقت میں اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزری کرکے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کرنیوالے معاشرتی ناسور کسی رعائیت کے مستحق نہیں، ایسے سفاک ملزمان کیخلاف بلا امتیاز ترجیحی بنیادوں پر پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریجنل اور ضلعی پولیس افسران اپنے اضلاع میں حساس مساجد، امام بارگاہوں سمیت دیگر مقامات کی سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن جاری رکھیں اور دوران انسپکشن اس بات کو بطور خاص مد نظر رکھا جائے کہ کسی دینی عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بوڑھے، لاغر یا بیمار سکیورٹی گارڈ تعینات نہ ہوں جبکہ سرچ کا عمل والنٹئیرز سے کروایا جائے اور پولیس اہلکار ہائی الرٹ ہو کر سیکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں۔
خبر کا کوڈ : 861202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش