0
Thursday 7 May 2020 14:22

نیب کیوجہ سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے، شاہد خاقان عباسی

نیب کیوجہ سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے، شاہد خاقان عباسی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اعظم اور اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن ) میں کوئی اختلاف نہیں ہاں اختلافِ رائے ضرور ہوتا ہے۔ اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانا شہباز شریف کا حق ہے اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ہی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ نیب کے قوانین میں ترامیم کر لیں، حکومت بہانے کرتی رہی ہے ہم اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہاں کیس نہیں فیس دیکھے جاتے ہیں، اب حکومتی چہرے بھی جلد یہاں نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کیس کو دو سال گزر گئے لیکن نیب کیس نہیں بنا سکا، ہمیں اب تک یہ بھی نہیں معلوم کہ ہمارے خلاف کیس کیا ہے۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج کورونا وائرس درپیش ہے اور اس صورت حال میں وفاق صوبوں سے لڑنے میں مصروف ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ وہ جاوید اقبال کی بطور چیئرمین نیب تعیناتی پر قوم سے ایک بار پھر معافی مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین کی تعیناتی کسی ایک جماعت کا فیصلہ نہیں تھا، میں نے چیئرمین نیب کیلئے جو نام دیے وہ بھی پارٹی کے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ نیب قانون میں ترامیم کے حوالے سے کسی پاور بروکر کا کوئی کردار نہیں تھا، شیخ رشید سستی شہرت کیلئے باتیں کرتے رہتے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 861263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش