QR CodeQR Code

 موجودہ حالات میں میڈیا کا کردار اہم ہے، کچھ عرصہ سے سرکاری میڈیا اپنا وقار کھو رہا ہے، مرید عباس بپی 

7 May 2020 14:58

حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ(ق) کے رہنما کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ نئے وفاقی وزیر اور معاون خصوصی میڈیا ہاوسز اور ان میں کام کرنے والے کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے اور سرکاری میڈیا پر بھی سب کو ان کی نمائندگی کا حق ملے گا۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما ملک مرید عباس بپی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزارت اطلاعات میں حالیہ تبدیلیوں کا خیرمقدم کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ نئے وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف سلیم باجوہ اپنے اپنے تجربات کی بدولت نہ صرف حکومت کی ترجمانی کا حق ادا کریں گے بلکہ آزادی صحافت کے حقیقی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں میڈیا کا اہم کردار ہے جبکہ کچھ عرصہ سے سرکاری میڈیا اپنا وقار کھو رہا ہے اس لئے توقع ہے کہ نئے وفاقی وزیر اور معاون خصوصی میڈیا ہاوسز اور ان میں کام کرنے والے کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، سرکاری میڈیا پر بھی سب کو ان کی نمائندگی کا حق ملے گا۔ ملک مرید عباس بپی نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے کیونکہ حالیہ بارشوں سے گندم کی فصل تباہ ہوئی ہے اور موجودہ حالات میں غریب کاشتکار کپاس کی فصل کی کاشت کے قابل نہیں رہا۔ مرید عباس بپی نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں اور ژالہ باری کی وجہ سے جن جن علاقوں میں گندم کی فصل تباہ ہوئی ہے ان علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا کی وجہ سے گندم کی کٹائی کے دوران مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سماجی فاصلوں کو ہر حالت میں برقرار رکھا جائے۔


خبر کا کوڈ: 861273

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/861273/موجودہ-حالات-میں-میڈیا-کا-کردار-اہم-ہے-کچھ-عرصہ-سے-سرکاری-اپنا-وقار-کھو-رہا-مرید-عباس-بپی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org