0
Thursday 7 May 2020 23:00

اصغریہ تحریک اور اے ایس او کے تحت ماہ رمضان میں آن لائن دروس کا سلسلہ جاری

اصغریہ تحریک اور اے ایس او کے تحت ماہ رمضان میں آن لائن دروس کا سلسلہ جاری
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور اصغریہ علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام ماہ مبارک رمضان میں پاکستان سمیت عراق و ایران میں موجود علماء کرام کے آن لائن علمی فکری دروس کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں اسلام آباد میں مقیم علامہ سجاد حسین آھیر نے درس دیا۔ علامہ سجاد حسین ٓھیر نے کہا کہ وجود انسانی میں روزے کے جو اثرات پیدا ہوتے ہیں، ان میں سب سے اہم اس کا اخلاقی پہلو اور تربیتی فلسفہ ہے، روح انسانی کو لطیف تر بنانا، انسان کے ارادے کو قوی کرنا اور انسانی مزاج میں اعتدال پیدا کرنا، روزے کے اہم فوائد میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزے دار کیلئے ضروری ہے کہ حالت روزہ میں آب و غذا کی دستیابی کے باوجود اس کے قریب نہ جائے اور اسی طرح جنسی لذات سے چشم پوشی کرے اور عملی طور پر ثابت کرے کہ وہ جانوروں کی طرح کسی چراگاہ اور گھاس پھوس کی قید میں نہیں ہے، سرکش نفس کی لگام اس کے قبضے میں ہے اور ہوا و ہوس اور شہوات و خواہشات اس کے کنٹرول میں ہیں۔

علامہ سجاد حسین آھیر نے کہا کہ حقیقت میں روزے کا سب سے بڑا فلسفہ یہی روحانی اور معنوی اثر ہے، وہ انسان جس کے قبضے میں طرح طرح کی غذائیں اور مشروبات ہیں، جب اسے بھوک یا پیاس لگتی ہے، تو وہ انکے پیچھے جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ درخت جو باغ میں نہر کے کنارے اگے ہوتے ہیں، نازپروردہ ہوتے ہیں، وہ حوادث کا مقابلہ بہت کم کر سکتے ہیں، ان میں باقی رہنے کی صلاحیت کم ہوتی ہے، اگر انہیں چند دن پانی نہ ملے تو پژمردہ ہو کر خشک ہو جائیں، جبکہ وہ درخت جو پتھروں کے درمیان پہاڑوں اور بیابانوں میں اگتے ہیں، انکی شاخیں شروع سے سخت طوفانوں، تمازت آفتاب اور کڑاکے کی سردی کا مقابلہ کرنے کی عادی ہوتی ہیں اور طرح طرح کی محرومیوں سے دست و گریبان رہتی ہیں، ایسے درخت ہمیشہ مضبوط، سخت کوش اور سخت جان ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزہ بھی انسان کی روح اور جان کے ساتھ یہی عمل کرتا ہے، روزہ وقتی پابندیوں کے ذریعے انسان میں قوت مدافعت اور قوت ارادی پیدا کرتا ہے اور اسے سخت حوادث کے مقابلے میں طاقت بخشتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ روزہ سرکش طبائع و جذبات پر کنٹرول کرتا ہے، لہٰذا اسکے ذریعے انسان کے دل پر نور ضیاء کی بارش ہوتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 861285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش