0
Thursday 7 May 2020 22:54

روزے کا مقصود انسان کا تقویٰ الٰہی اختیار کرنا ہے، علامہ غلام قاسم تسنیمی

روزے کا مقصود انسان کا تقویٰ الٰہی اختیار کرنا ہے، علامہ غلام قاسم تسنیمی
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور اصغریہ علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام ماہ مبارک رمضان میں پاکستان سمیت عراق و ایران میں موجود علماء کرام کے آن لائن علمی فکری دروس کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں جمہوری اسلامی ایران کے شہر قم المقدس میں رہائش پزیر وادی مہران سندھ کے عالم دین مولانا غلام قاسم تسنیمی نے اصغریہ تحریک کے فیس بک پیج صدائے اصغریہ پر آن لائن درس دیا۔ مولانا غلام قاسم تسنیمی نے کہا کہ رمضان کا مقدس و مبارک مہینہ مومنین و صالحین کے قلوب پر اپنے بے انتہا فیوض و انوار کی بارشیں برساتا ہوا طلوع ہوا ہے، ہر طرف رحمت کی نسیم چل رہی ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل اور مغفرت و دعاؤں کی قبولیت کا فیضان عام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ کوئی بوجھ نہیں بلکہ جیسا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ روزہ مومنوں پر اس لئے فرض کیا گیا ہے تاکہ تم متقی ہو جاؤ، چنانچہ مومنین کا فرض ہے کہ وہ روزے کی اس بنیادی غرض کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں، ورنہ ان کا بھوکا پیاسا رہنا ایک بے فائدہ اور بے ثمر عمل ٹھہرے گا۔

علامہ غلام قاسم تسنیمی نے کہا کہ حضرت نبی اکرمﷺ نے اپنے ایک ارشاد مبارک میں روزوں کو بھی ڈھال قرار دیا ہے، کیونکہ روزے انسان کے گناہوں کی بخشش اور نجات کا ایک ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزے کا مقصد صرف بھوکا اور پیاسا رہنا نہیں، بلکہ خدا کے حکم کے تابع اور اس کی رضا کی خاطر جب انسان بعض حلال چیزوں کو بھی ترک کرتا ہے اور عبادت میں شغف اور کثرت دعا اور انابت الی اللہ کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کے قرب کی راہوں میں  آگے بڑھنے کی سعی کرتا ہے، تو اللہ تعالیٰ اپنی بے پایاں رحمت و مغفرت کے ساتھ اُس سے زیادہ شفقت اور رحم کے ساتھ اس پر جھکتا ہے، یہاں تک کہ وہ اسے اپنی پناہ میں لے لیتا ہے، اور جو خدا کی پناہ میں آجائے، کون ہے جو ایسے شخص کو کسی قسم کی تکلیف یا دکھ پہنچا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی روزے کا مقصود ہے کہ انسان  اللہ کا تقویٰ اختیار کرے، یعنی خدا کو اپنی سِپَر بنائے اور اس کی حفظ و امان کے سائے تلے آجائے، پس روزہ تمام دینی و دنیوی شرور سے حفاظت کا ایک ذیعہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 861286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش