0
Friday 8 May 2020 20:25

 سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی کے اقتدار کے سورج کو گرہن لگنا شروع ہو چکا ہے، مخدوم احمد محمود

 سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی کے اقتدار کے سورج کو گرہن لگنا شروع ہو چکا ہے، مخدوم احمد محمود
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاھین، نائب صدر جنوبی پنجاب و ایم این اے مہر ارشاد سیال، جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب نتاشہ دولتانہ، سیکرٹری انفارمیشن جنوبی پنجاب و ایم این اے نواب زادہ افتخار احمد خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب چوہدری سرور عباس اور سیکرٹری تعلقات عامہ جنوبی پنجاب بابو نفیس انصاری نے مشترکہ میڈیا بیان میں کہا کہ کورونا وبا سے نمٹنے کا واحد حل صرف ائسولیشن، سماجی دوری اور لاک ڈاون ہی ہے، نااہل وفاقی حکومت کی ناکام پالیسیوں کے سبب کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، حکومتی جماعت کی بدقسمتی ہے کہ وہ اپنے ہی اقدامات اور منفی پالیسیوں کے باعث شدید بحرانوں کا شکار ہو چکی ہے، کیونکہ سلیکٹڈ جمہوریت کی اصل شکل بھیانک روپ میں روز بروز عیاں ہو رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی کے اقتدار کے سورج کو گرہن لگنا شروع ہو چکا ہے، بڑا گھر اقتدار کی طرف تیزی سے پیش قدمی کررہا بے لیکن سیاسی بصیرت سے عاری نااہل حکمران ٹولہ خطرے کے الارم کو سمجھنے کے بجائے سوشل میڈیا پر حقائق سے برعکس دعووں کے ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کو چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی عوام میں بڑھتی ہوئی مقبولیت ہضم نہیں ہو رہی اسی بغض میں مبتلا حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کئی ماہ بند رکھ کے عوام کو تکلیف میں مبتلا کیا۔ غریب، مسکین، بیوہ عورتوں کے حق پر ڈاکہ ڈال کر اب نام نہاد احساس پروگرام کے تحت لائنیں لگوا کر عوام کی عزت نفس سے بھی کھلواڑ کیا جا رہا ہے اور احساس پروگرام کے تحت کورونا پھیلایا جا رہا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ عمران احمد نیازی غریبوں کیلئے احساس کی بات زبان سے ادا تو کرتے ہیں لیکن ان کے دل میں امیروں کیلئے محبت کا یہ ثبوت ہے کہ زبان پر نام غریبوں کا لیکن تمام تر نوازشات امیروں کیلئے ہیں، کیونکہ کورونا جیسی خطرناک صورتحال میں بھی وزیراعظم عمران احمد نیازی کا ہر فیصلہ سرمایہ دار طبقہ کیلئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے شریف خاندان ذاتی مفادات کا وقتی فائدہ اٹھا رہا ہے اور پی ٹی آئی کی جھولی میں بیٹھنے کو ترجیح دے رہا ہے، شریف برادران کا کردار ہمیشہ یہی رہا ہے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے لگانے والی ن لیگ کی قیادت جان لے عوام کو دھوکہ دے کر وقتی فائدہ تو حاصل کر لو گے لیکن عوامی پذیرائی ہمیشہ کیلئے کھو دو گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آمرانہ سوچ کو ترک کرے فہم و فراست و تدبر کا ثبوت دیتے ہوئے ایسے طبقات جو کورونا کی صورتحال کی وجہ سے اجیرن زندگی گزار رہے ہیں ان کو ریلیف دینے کیلئے بہتر حکمت عملی بنائے، ہم حکمران ٹولہ کو خبردار کرتے ہیں کہ ملک و قوم کو اپنی نااہلیوں کی سزا مت دو اور کچھ کر نہیں سکتے تو اقتدار سے خود بخود علیحدہ ہو جاو ورنہ یاد رکھو عوامی طاقت سے پیپلزپارٹی تمھیں ہمیشہ کیلئے اقتدار سے دور کر دے گی۔
خبر کا کوڈ : 861468
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش