0
Friday 8 May 2020 20:55

ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے سندھ بھر میں یوم علی (ع) کے پروگرام منعقد کئے جائینگے، علامہ باقر زیدی

ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے سندھ بھر میں یوم علی (ع) کے پروگرام منعقد کئے جائینگے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ عزاداری ہماری شناخت اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ کورونا کی آڑ میں ملت تشیع کو ان کے مراسم عزا سے روک لے گا تو وہ قطعی مغالطے میں ہے، ملت جعفریہ نے اب تک حفاظتی انتظامات، مجتہدین کے فتاویٰ، ماہرین ڈاکٹرز کے کہنے کے مطابق عمل کیا ہے، آئندہ بھی کریں گے اور اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنا گوارہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عمل کرتے مجالس و جلوس کے انعقاد کا مکمل حق حاصل ہے، یوم علی علیہ السلام کے موقع پر پوری قوم پرسہ پیش کرے گی، اس مسئلے پر پنجاب حکومت ملت تشیع کا ساتھ دینے پر آمادہ نظر آتی ہے، تاہم سندھ حکومت کا پس و پیش ان کی بدنیتی کو آشکار کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا وفاق سے اختلافات کا نزلہ ہم اپنے اوپر نہیں گرنے دیں گے، سندھ حکومت کو چاہیئے کہ وہ ملت تشیع کو نشانہ بنانے کی بجائے وفاق سے اپنے تنازعات حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع نے مشکل کی ہر گھڑی میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہم نے ناصرف طبی ہدایات پر سختی سے عمل کیا بلکہ لاک ڈاؤن کے دوران معاشی مشکلات کے شکار ہزاروں گھرانوں میں راشن تقسیم کرکے ایک باہمت اور محب وطن قوم ہونے کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے احتیاط تدابیر سے مشروط کرکے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا، اگر ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ہر فرد کو باہر نکلنے کی اجازت دی جا رہی ہے تو ملت و تشیع کو جلوس سے روکنے کا کیا جواز بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے ایسے کسی بھی یک طرفہ فیصلے کو قطعی قبول نہیں کیا جائے گا، جس میں ملت تشیع کے قائدین کی مشاورت شامل نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے نام پر خوف و ہراس پھیلا کر دوسرے کی مذہبی آزادی کو سلب نہ کیا جائے، گذشتہ تین ماہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد کا دیگر اموات سے موازنہ کریں تو حیران کن نتائج سامنے آئیں گے، ملک بھر میں عام بیماریوں سے مرنے والوں کی تعداد کورونا کی نسبت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے سندھ بھر میں یوم علی (ع) کے پروگرام مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ بھرپور انداز سے منعقد کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 861478
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش