0
Friday 8 May 2020 22:16

ریاض نائیکو کی شہادت سے جدوجہد آزادی کشمیر مزید تیز ہوگی، کاشف شیخ

ریاض نائیکو کی شہادت سے جدوجہد آزادی کشمیر مزید تیز ہوگی، کاشف شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے برہان وانی شہید کے جانشین کمانڈر ریاض نائیکو کی شہادت پر دلی دکھ اور غم کا اظہار اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکو کی پلوامہ میں شہادت سے برہان وانی کی شہادت سے تحریک میں جو جوش ولولہ پیدا ہوا اس میں مزید تیزی آئے گی اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی تحریک کی منزل کشمیری حریت پسند جوانوں کی شہادت سے مزید قریب تر ہوجائے گی۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ افضل گورو کی شہادت ہو یا برہان وانی یا ریاض نائیکو، یہ شہادتیں دراصل آزادی کشمیر کی جدوجہد کا لازمی جز بن چکی ہیں، دنیا میں کوئی آزادی کی تحریک سامراجی قوتوں کیخلاف بڑے پیمانے پر مالی اور جانی قربانیوں کے بغیر اپنی منزل پر نہیں پہنچ سکتی۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ کشمیر کے عوام گذشتہ ستر سالوں سے دنیا کے سب سے بڑے جمہوریت کی دعویدار کٹر ہندو سامراج بھارتی حکومت کے ظلم اور بربریت کی تمام انتہاﺅں کو چھونے کے باوجود اپنی جدوجہد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹی ہے اور نریندر مودی کی انتہاپسند اور فانشزازم کی وجہ سے آج کشمیری عوام گذشتہ 9 ماہ سے مسلسل کرفیو اور لاک ڈاﺅن کا شکار ہیں، وادی میں 8 لاکھ سے زائد انتہاپسند فوج کے باوجود آئے روز مجاہدین کے ساتھ جھڑپوں میں ہندو فوجیوں کی ہلاکت اور مجاہدین کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیر کا نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کو قربان کرنے کیلئے تیار ہے۔

رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ افسوس اور دکھ اس بات کا ہے کہ ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں شہادتوں کا موسم گرم ہے، تو دوسری جانب پاکستان جو کشمیری عوام کا سب سے بڑا پشتیبان ہونے کا دعویدار ہے، حکمران سیاسی رسہ کشی، کورونا پر سیاست اور کرپشن کے گندے کھیل میں مصروف ہیں، بھارت کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہندوؤں کو بسا کر فلسطین ماڈل پر عمل پیرا ہے، تو دوسری جانب لائن آف کنٹرول پر بھاری توپ خانے سے بمباری کے ذریعے نہتے عام شہریوں اور فوجی جوانوں کی شہادتوں کا سلسلہ جاری ہے، لیکن حکمران اقوام متحدہ میں ایک تقریر کے بعد کشمیری عوام کو بھول چکے ہیں۔ کاشف سعید شیخ نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر کے سفارتی مشنز کو فعال، بھارتی مظالم کو بے نقاب اور کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سیاسی، سفارتی اور جہادی سرگرمیوں مین تیزی لاکر بھارت کو دو ٹوک جواب دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 861485
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش