0
Saturday 9 May 2020 15:18

پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا سب سے بڑا ٹارگٹ بلوچستان ہے، جماعت اسلامی

پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا سب سے بڑا ٹارگٹ بلوچستان ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے بلوچستان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں اعلیٰ فوجی افسر سمیت پانچ جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ و رنج اور اپنی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کی جانب سے وقفے وقفے سے پاک فوج اور سکیورٹی اداروں پر حملوں میں اضافہ، ایل او سی پر بھارتی گولہ باری اور مسلسل فائرنگ ملک کو دوبارہ غیر محفوظ اور دہشتگردی کی بھینٹ چڑھانے کی سازشوں کے سلسلے کی کڑی ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ ملک میں آپریشن راہ نجات اور ضرب عضب کی کامیابی کے نتیجے میں دہشتگرد اور ملک دشمن عناصر کا قلع قمع ہونے کے بعد کچھ عرصہ سے دوبارہ فاٹا اور بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں حیرت انگیز اضافہ اور فوجی جوانوں کی شہادتیں معمول بن چکی ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مجاہدین کے ہاتھوں ہزیمت کا بدلہ بلوچستان میں لے رہا ہے، جبکہ کشمیری جوانوں کی آئے روز بڑے پیمانے پر شہادتیں بھی ایک بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کا اشارہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان میں امن معاہدے کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کی جہادی کارروائیوں کو روکنے کیلئے پاکستان کے اندر اور ایل او سی پر فوجی کاروائیوں، دہشتگرد عناصر کے ذریعے پاکستان پر پریشر ڈال کر مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال سے عالمی دنیا کی توجہ ہٹانے اور کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے گھناﺅنے منصوبے پر تیزی سے عمل پیرا ہے، جبکہ ہمارے حکمران لاک ڈاﺅن پر سیاست کرنے اور مخالفین کو نیب کے ذریعے قابو کرنے میں مصروف ہیں۔

صوبائی امیر نے کہا کہ ”آخری گولی اور آخری سپاہی تک لڑنے“ کی تقریر کے سوا حکمرانوں نے کشمیری عوام کیلئے عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا، اس کا نتیجہ یہ ہے کہ بھارت کشمیری عوام کے قتل عام اور 9 مہینوں سے جاری کرفیو کے بعد پاکستان میں دوبارہ دہشتگردی کی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے، جس کا سب سے بڑا ٹارگٹ بلوچستان ہے۔ صوبائی امیر نے مطالبہ کیا کہ بھارتی سازشوں، دہشتگردوں کی کارروائیوں میں تیزی کا فوری طور پر نوٹس لیکر حکومت، اپوزشین اور آرمی چیف مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں، تاکہ دہشتگردی کے بڑہتے ہوئے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔ انہوں نے بلوچستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسر اور جوانوں کی شہادت پر ان کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 861632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش