0
Saturday 9 May 2020 23:25

پاراچنار، شورکو دھماکہ کیخلاف صدائے مظلومین کی اپیل پر بھرپور احتجاج

پاراچنار، شورکو دھماکہ کیخلاف صدائے مظلومین کی اپیل پر بھرپور احتجاج
اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم کے علاقہ شورکی کی مسجد اور امام بارگاہ میں بم دھماکے کے خلاف ضلع کرم کی مختلف تنظیموں نے صدائے مظلومین کی اپیل پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے شرکاء کشمیر چوک پاراچنار سے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پاراچنار پریس کلب پہنچے۔ اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مزمل حسین، شبیر ساجدی، شفیق طوری، مجاہد حسین، سید تقی شاہ، حشمت حسین اور دیگر مقررین نے کہا کہ شورکی مسجد اور امام بارگاہ پر حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے، جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کا رویہ بھی معاندانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کے تمام قبائلی اقوام ہمارے بھائی ہیں ہمیں، اپنے دشمن کا ادراک ہے۔ دہشت گرد دھماکے کی آڑ میں ضلع کرم کے قبائل کو آپس میں دست و گریباں کرنا چاہتے تھے، مگر ضلع کرم کے باشعور عوام دہشت گردوں کی چالوں میں نہیں آئیں گے۔ 

انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شورکی بم دھماکہ کے لئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کمیشن تشکیل دیا جائے اور اس دھماکہ کے پس پردہ محرکات سامنے لائے جائیں۔  مقررین نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتظامیہ نااہل اور جانبدار ہے جبکہ حکومتی ذمہ داروں کی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں۔ ہمیں کورونا سے ڈرایا جاتا ہے جبکہ بالش خیل میں غیر قانونی آبادکاری جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ یہ واقعہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ تھا۔جس کا مقصد وہاں کے رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیلا کر انہیں علاقے سے بیدخل کرنا تھا۔
خبر کا کوڈ : 861658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش