QR CodeQR Code

سپریم کورٹ کی ڈائریکشن سیاسی اور جمہوری سیٹ اپ کی ناکامی کا بگل بجا رہی ہے، لیاقت بلوچ 

9 May 2020 23:36

ملتان سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری، عالم اسلام اور عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی اور جانبداری کی وجہ سے بھارت اقلیتوں کے لیے جہنم زار بن گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی بے مثال تحریک اور استقامت نے بھارت کو پوری دنیا میں بے نقاب کردیا ہے، بھارت میں کرونا وبا اور ماہ رمضان میں بھی مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف ظلم، جبر، انسانی جمہوری حقوق کی پامالی اور فاشزم اپنے عروج پر ہے۔ عالمی برادری، عالم اسلام اور عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی اور جانبداری کی وجہ سے بھارت اقلیتوں کے لیے جہنم زار بن گیا ہے۔ حکومت پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے تقریروں، ٹویٹس سے بڑھ کر اقدام کرنا ہوں گے وگرنہ خود پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرات بڑھتے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کرونا وبا کی جاری مدت میں وزیراعظم عمران خان خود بھی کنفیوژن کا شکار ہیں، پوری قوم کو متحد بھی نہیں کر سکے اور نہ ہی وفاق اور صوبوں کا مشترکہ لائحہ عمل بناسکے۔ سپریم کورٹ کی ڈائریکشن سیاسی اور جمہوری سیٹ اپ کی ناکامی کا بگل بجا رہی ہے۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کے باعث پوری دنیا تلپٹ ہوئی ہے، دنیا ابھی اور زیادہ بدلے گی، سماجی نئے ضابطے نئی شکل اختیار کریں گے۔ مہنگائی، کساد بازاری اور بے روزگاری بڑھے گی۔ ارتکاز دولت اور دنیا کے وسائل پر چند دولت مندوں کا قبضہ اور سرمایہ دارانہ نظام صرف انسانوں کا استحصال ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانوں کے تحفظ کے لیے نیا سماجی اور اقتصادی نظام لانا ہوگا، اسلام کا معاشی نظام ہی دنیا کو اقتصادی بحالی اور انصاف دے سکتاہے۔


خبر کا کوڈ: 861727

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/861727/سپریم-کورٹ-کی-ڈائریکشن-سیاسی-اور-جمہوری-سیٹ-اپ-ناکامی-کا-بگل-بجا-رہی-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org