0
Sunday 10 May 2020 03:12

لاک ڈاؤن میں مستحقین کی امداد، حکومت سندھ صرف دعووں تک ہی محدود رہی، خالد مقبول صدیقی

لاک ڈاؤن میں مستحقین کی امداد، حکومت سندھ صرف دعووں تک ہی محدود رہی، خالد مقبول صدیقی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے روزگار کی بندش سے متاثر ہونے والے گھرانوں میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب راشن اور افطار بکس کی بلاتفریق فراہمی انتہائی قابل ستائش اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرجانی ٹاؤن میں افطار بکس کی تیاری کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی، چیئرمین بلدیہ غربی اظہار الدین احمد خان، رکن قومی و صوبائی، پارلیمانی لیڈر، اراکین ڈسٹرکٹ کونسل اور علاقائی ذمہ داران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کنوینر متحدہ قومی موومنٹ خالد مقبول صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان بھی کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے اور روزگار کی بندش کی وجہ سے عوام شدید معاشی دشواریوں میں مبتلا ہیں، مگر اس کٹھن وقت میں خدمت خلق فاؤنڈیشن ضرورت مند گھرانوں میں راشن اور افطار پہنچانے کیلئے سب سے پہلے میدان عمل میں موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ مخیر حضرات اور دیگر فلاحی ادارے بھی عوام کی بھرپور مدد کررہے ہیں، مگر افسوس اس بات کا ہے کہ حکومت سندھ صرف دعووں تک ہی محدود رہی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے خصوصا سفید پوش طبقہ بہت زیادہ متاثر ہوا ہے مگر چونکہ متحدہ قومی موومنٹ متوسط طبقہ کی جماعت ہے اور ہمارے کارکن ہر گلی و محلہ میں موجود ہیں اس لئے سفید پوش گھرانوں تک راشن و افطار کی فراہمی کا عمل احسن طریقہ سے انجام دیا جارہا ہے جبکہ تمام علاقوں میں اینٹی کورونا اسپرے اور صفائی ستھرائی کا عمل بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جارہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 861745
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش