2
Sunday 10 May 2020 15:24

ایران کیخلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی امریکی پالیسی ناکام ہو چکی ہے، ڈاکٹر رائد المصری

واشنگٹن نے تہران کیساتھ افہام و تفہیم اور سیزفائر جیسے آپشنز اختیار کرنیکا فیصلہ کر لیا ہے
ایران کیخلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی امریکی پالیسی ناکام ہو چکی ہے، ڈاکٹر رائد المصری
اسلام ٹائمز۔ لبنانی دارالحکومت بیروت میں قائم امریکی یونیورسٹی میں علوم سیاسیات و روابط خارجہ کے استاد ڈاکٹر رائد المصری نے روسی ریڈیو "اسپتنک" کے ساتھ گفتگو میں ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کیخلاف اختیار کردہ زیادہ سے زیادہ دباؤ کی امریکی پالیسی ناکام ہو چکی ہے اور اب واشنگٹن نے تہران کے ساتھ "افہام و تفہیم" اور "سیزفائر" جیسے آپشنز اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈاکٹر رائد المصری نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی مقدر کا فیصلہ کرنے والے اہم صدارتی انتخابات کی دہلیز پر پہنچ چکے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اپنی صدارت کے دوسرے دورے کو بھی کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیں۔

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں قائم امریکی یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر رائد المصری نے امریکہ و سعودی عرب کے درمیان موجود خفیہ اختلافات کو امریکہ کی طرف سے مذکورہ بالا فیصلہ لئے جانے میں انتہائی موثر قرار دیا اور کہا ہے کہ اس وقت (سعودی عرب کی طرف سے تیل کی بہت زیادہ پیداوار کے باعث تیل کی قیمت میں شدید کمی کے سبب) یہ اختلافات عیاں ہو چکے ہیں جبکہ ریاض کی طرف سے عالمی منڈیوں کو تیل میں غرق کرنے کے اقدام نے امریکی معیشت کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز ایران کے ساتھ امریکی روابط کے بارے میں نت نئی باتیں سننے کو مل رہی ہیں جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ٹرمپ ایران پر دباؤ ڈالنے سے عاجز آ چکا ہے جبکہ ایران کے خلاف اس کے تمام پتے، چاہے وہ اندرونی تعلقات پر مبنی ہوں یا خلیج فارس کے اتحادیوں کے ساتھ بیرونی روابط پر، بیکار ہو چکے ہیں لہذا اب امریکہ نے تہران کے حوالے سے سیزفائر، امن و امان اور افہام و تفہیم کی سیاست اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں کے اس فیصلے کا عندیہ نومنتخب عراقی حکومت کے ساتھ امریکی حکام کی ملاقات کے دوران جاری ہونے والے بیانات میں واضح طور پر دیدیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 861836
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش