QR CodeQR Code

سندھ حکومت نے کورونا ریلیف آرڈیننس سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلئے گورنر کو بھیجا، حلیم عادل شیخ

10 May 2020 17:51

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں صحت کی سہولیات ناپید ہوچکی ہیں، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ عوام میں خوف پھیلا رہے ہیں، عملی اقدامات نظر نہیں آتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کورونا ریلیف آرڈیننس سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے گورنر کو بھیجا، بجلی گیس سندھ حکومت کا اختیار ہی نہیں، مراد علی شاہ بے اختیار وزیراعلیٰ ہیں، ان کی ڈوریں کہیں اور سے ہل رہی یے، مراد علی شاہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ ہیں، سندھ حکومت اور وزراء کنفیوزن کا شکار ہیں، انہیں سمجھ نہیں آرہی ہے کہ انہوں نے کرنا کیا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے 40 ٹراما سینٹرز میں 26 اب تک گذشتہ کئی برس سے نامکمل ہیں، صوبائی وزیر صحت کے علاقے نوابشاہ کی ایک اسپتال میں مالی ڈسپینسربن کر کام کرتا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی دعا بھٹو، ڈاکٹر سعید آفریدی، کریم بخش گبول پی ٹی آئی رہنما حنید لاکھانی، جام فاروق، سمیر میر شیخ، سیف اللہ ابڑو، رزاق باجوہ و دیگر بھی موجود تھے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں صحت کی سہولیات ناپید ہوچکی ہیں، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ عوام میں خوف پھیلا رہے ہیں، عملی اقدامات نظر نہیں آتے ہیں، کراچی کی سول اسپتال، جناح اسپتال میں سہولیات نہیں ہیں، عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، سندھ میں پینے کا پانی نہیں ملتا، گندا پانی پینے کو عوام مجبور ہے، کراچی سے تھر تک عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے، تھر میں ساڑے سات ارب کے آر او پلانٹ میں سے 80 فیصد آر او پلانٹ بند پڑے ہیں، مراد علی شاہ نے ٹائیگر فورس پر الزام لگایا، ٹائیگر فورس کوئی سیاسی فورس نہیں، سماجی لوگ شامل ہیں، مراد علی شاہ خود سیلف کورنٹائن میں ہیں، سندھ حکومت پولیس اور عوام کو آمنے سامنے کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لاک ڈاؤن میں سندھ کے اندر دس ہزار سے زائد شہریوں پر ایف آئی آر کاٹ کر ان کا کرمنل ریکارڈ بنایا گیا ہے، کورونا کا صرف رونا ہے اصل حقیقت کچھ اور ہے۔


خبر کا کوڈ: 861841

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/861841/سندھ-حکومت-نے-کورونا-ریلیف-آرڈیننس-سیاسی-پوائنٹ-اسکورنگ-کیلئے-گورنر-کو-بھیجا-حلیم-عادل-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org