0
Monday 11 May 2020 22:24

حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں دے تو ملک معاشی بحران سے نکل سکتا ہے، سراج الحق

حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں دے تو ملک معاشی بحران سے نکل سکتا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر حکومت اپنے سرمایہ کاروں کو سہولتیں دے تو ملک معاشی بحران سے نکل سکتا ہے۔ ہمارے صنعتکاروں اور تاجروں میں ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔ حکومت بیرونی سرمایہ تو ملک میں نہیں لاسکی اور جو ملکی سرمایہ کار اپنے ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کو ترقی دیکر روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں، حکومت ان کے لیے طرح طرح کی رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔ ٹیکسوں کے ظالمانہ نظام نے نہ صرف کاروباری طبقے کو تنگ کر رکھا ہے بلکہ عام آدمی کی زندگی بھی اجیرن کر دی ہے۔ حکومت لاک ڈاﺅن ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی، جس سے لاک ڈاﺅن کے مقاصد پورے نہیں ہوئے، جبکہ ڈیڑھ ماہ سے زیادہ عرصہ تک کاروبار بند رہنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کاروبار کی بندش سے بے روزگاری اور مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ حکومت اس طرح شش و پنج کا شکار رہی تو مسائل کی دلدل مزید گہری ہوتی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں معروف صنعتکار شیخ عابد محمود کی قیادت میں ملاقات کرنے والے تاجر نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے تاجروں کے جذبہ خیر سگالی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تاجر، صنعتکار اور مخیر حضرات دنیا بھر میں سب سے زیادہ صدقات زکوة دیتے اور مستحقین کی امداد کرتے ہیں۔ اگر حکومت اپنے کاروباری طبقے کے لیے سہولتیں پیدا کرے تو اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والے ہمارے لوگ کسی غریب اور مسکین کو بھوکا نہ سونے دیں۔ سینیٹر سراج الحق نے صنعتکاروں اور تاجروں سمیت ملک بھر کے مخیر لوگوں سے اپیل کی کہ رمضان المبارک اور خاص طور پر عید الفطر کے موقع پر اپنے ارد گرد موجود غریبوں، مساکین، بیواﺅں اور یتیموں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ ان کے لئے سحری اور افطاری کا انتظام کیا جائے اور عید پر اپنے بچوں کے ساتھ ساتھ یتیم بچوں کو بھی نئے کپڑے اور جوتے خرید کر دیئے جائیں، تاکہ وہ بھی عید الفطر کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری حکومت اور معاشرے دونوں پر ہے۔
خبر کا کوڈ : 862060
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش