0
Tuesday 12 May 2020 09:18
عزاداری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، یہ ہماری شہ رگ حیات ہے

لاہور، یوم علیؑ کا جلوس ہر صورت نکلے گا، شیعہ عمائدین کا اعلان

لاہور، یوم علیؑ کا جلوس ہر صورت نکلے گا، شیعہ عمائدین کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت کیساتھ گذشتہ روز لاہور کے سول سیکرٹریٹ میں شیعہ عمائدین کے مذاکرات ہوئے، جس میں حکومت نے اعلان کیا کہ 21 رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کا جلوس نہیں نکلے گا۔ جس پر شیعہ عمائدین نے حکومت کے موقف سے اتفاق نہیں کیا اور مذاکرات چھوڑ کر چلے گئے۔ تاہم عمائدین نے مذکورہ اجلاس کے بعد باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا کہ یوم علی علیہ السلام کا مرکزی جلوس ہر صورت میں برآمد ہوگا۔ تحریک حسینیہ اور ادارہ منہاج الحسین کے سربراہ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے، علامہ محمد حسین اکبر نے وزیراعظم پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ہم نے صدر مملکت کیساتھ 20 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا تھا اور اس کے مطابق ہم کوئی بھی عبادت بجا لا سکتے ہیں۔

انہوں نے لکھا ہے کہ یوم علیؑ کے جلوس میں حکومتی وضع کردہ ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا، ہر عزادار ماسک پہن کر جلوس میں شریک ہوگا، مناسب فاصلہ رکھا جائے گا اور ہمارے رضاکار ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ علامہ محمد حسین اکبر نے لکھا ہے کہ جلوس میں زیادہ تعداد میں عزادار شریک نہیں ہوں گے، بلکہ ہم ان سے درخواست کریں گے کہ وہ زیادہ تعداد میں شرکت نہ کریں۔ انہوں نے لکھا کہ جلوس کے شرکاء کی ٹمپریچر سکریننگ بھی کی جائے گی۔ نزلہ زکام اور بخار والے افراد کو جلوس میں شامل نہیں ہونے دیا جائے گا اور دوران مجلس شرکاء پر کلورین ملا سپرے کیا جائے گا۔ علامہ محمد حسین اکبر نے درخواست کی ہے کہ وزیراعظم کسی بدمزگی سے بچنے کیلئے جلوس عزا کی برآمدگی کی اجازت دیں۔

دوسری جانب وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی جانب سے بھی مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جو حکومت کیساتھ  میٹنگ میں شریک علامہ محمد افضل حیدری کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ علامہ افضل حیدری نے کہا ہے کہ ہم عزاداری پر پابندی قبول نہیں کریں گے، علامہ افضل حیدری نے لکھا کہ حکومت کیساتھ مذاکرات بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوگئے۔ ادھر شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر حافظ کاظم رضا نقوی نے بھی اپنا ویڈیو بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اصرار کیا ہے کہ جلوس برآمد نہ کیا جائے، لیکن ہم نے اس مطالبے کو مسترد کر دیا ہے، عزاداری ہماری شہ رگ ہے، اس سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے اور جلوس ہر صورت برآمد ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 862117
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش