0
Tuesday 12 May 2020 21:13
وزیراعظم کی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں فعال کرنیکی ہدایت

ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 32000 سے تجاوز کر گئی، 706 جاں بحق

کورونا کا شکار اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی طبعیت بہتر، گھر منتقل
ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 32000 سے تجاوز کر گئی، 706 جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مصدقہ مریضوں کی تعداد 32000 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 706 ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 10 ہزار 957 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، جب کہ ایک ہزار 140 افراد میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح اب تک کئے گئے کورونا ٹیسٹ کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 851 ہو گئی ہے اور 32 ہزار 81  میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 39 افراد اس وائرس کے ہاتھوں لقمہ اجل بنے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 706 ہو گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 257 اموات ہوئی ہیں۔ پنجاب میں 211، سندھ میں 200، بلوچستان 27، اسلام آباد 6 اور گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس ایک شخص کی جان لے چکا ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں کورونا وائرس کے 167 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 32 ہزار 81 ہو گئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے اب تک 12 ہزار 17 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 11 ہزار 869، خیبر پختونخوا 4 ہزار 875 ، بلوچستان 2 ہزار 61، اسلام آباد 716، آزاد کشمیر 86 اورگلگت بلتستان میں 457 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان مریضوں میں سے 8 ہزار 555 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں مکمل فعال اور ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ٹائیگر فورس سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو صوبائی سطح پر ٹائیگر فورس کی کارکردگی کی ہفتہ واررپورٹ پیش  کی گئی۔ وزیراعظم نے ٹائیگر فورس سے متعلق وزرائے اعلیٰ اورچیف سیکریٹریزکو گائیڈ لائنز دیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ٹائیگر فورس سے احساس لیبر رجسٹریشن پروگرام میں بھی مدد لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے بہادر نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں۔ مشکل وقت میں قوم کیلئے وقت نکالنے والے نوجوان ہیروز ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انتظامی سطح پر بہترین کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تشکیل دی جانے والی ’کورونا ریلیف ٹائیگر فورس‘ کے رضاکاروں کی تعداد 9 لاکھ 41 ہزار ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم واضح کر چکے ہیں کہ یہ فورس کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ ملک کی رضاکار فورس ہو گی جو وباء سے لڑنے کیلئے مشکل حالات میں پھنسے لوگوں کی مدد کریگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس وبا سے لڑنے کے لیے مشکل حالات میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کا اعلان کیا تھا۔ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی سربراہی وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر جو کہ کورونا کا شکار ہو کر علیل تھے، ان کی طبعیت میں بہتری آئی ہے۔ کورونا سے متاثرہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ میں پہلےسے بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں، انشاءاللہ جلد مکمل صحت یاب ہو جاؤں گا۔ اپنی صحت سے متعلق ٹوئٹر سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ پاک کے فضل و کرم سے میں اسپتال سے گھر منتقل ہو چکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نیک تمناؤں پر شکرگزار ہوں۔ پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ انشاءاللہ جلد مکمل صحت یاب ہو جاوں گا۔ یاد رہے کہ دو ہفتے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ اس ضمن میں اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ روز میرا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ آج دوبارہ ٹیسٹ کرنے پر میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ اللہ کا شکر ہے میری طبعیت اب کچھ بہتر ہے۔ ڈاکٹرز نے مجھے گھر پر رہنے اور احتیاط کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے مزید کہا کہ میرے بیٹے اور بیٹی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 862293
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش