QR CodeQR Code

سانحہ 12 مئی کے قصورواروں کیخلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی، اسفندیار ولی

12 May 2020 23:49

اے این پی کے سربراہ کا سانحہ بارہ مئی کی برسی کے موقع پر جاری اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ معصوم جانوں کے ذریعے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف وطن دشمنوں کا سیاست سے کوئی  تعلق نہیں، اپنے مخصوص مفادات کے حصول کیلئے وہ کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہوتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے کہا ہے امن اور جمہوری نظام کی مضبوطی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئینی لڑائی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، 12 مئی 2007ء کو امن، جمہوریت، پارلیمنٹ و آئین کے دشمنوں کے خلاف لڑتے ہوئے ہمارے 50 کے قریب کارکنان نے جام شہادت نوش کیا، جن کی قربانیوں کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ سانحہ 12 مئی 2007ء کی 13ویں برسی کے موقع پر ولی باغ چارسدہ سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ 12 مئی کو نہتے کارکنوں کی جانیں لینے والوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے تھے، لیکن افسوس کا مقام ہے کہ آج تک ان محرکات کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ آج بھی ملزمان پر فرد جرم تک عائد کی گئی، لیکن انہیں پھر ضمانتیں مل گئیں۔ 55 ملزمان کا ضمانتوں پر رہا ہونا ایک سوالیہ نشان ہے، لیکن ہم اپنے کارکنان اور انکے لواحقین کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی اور اس ملک میں اصل جمہوریت کے قیام تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اسفندیار ولی خان نے مزید کہا کہ معصوم جانوں کے ذریعے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف وطن دشمنوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اپنے مخصوص مفادات کے حصول کیلئے وہ کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہوتے ہیں، لیکن جب انصاف ہو جاتا ہے تو یہی لوگ بیماری کا بہانہ بنا کر عدالتوں میں پیش ہونے سے معذرت کر لیتے ہیں۔ سانحہ 12 مئی کے سہولت کار اور قصوروار آج بھی عوام کا سامنا نہیں کرسکتے، کیونکہ گولیوں اور ظلم سے حق کی آواز دبائی نہیں جاسکتی، اے این پی کل بھی میدان میں کھڑی تھی، جمہوریت کیلئے آج بھی کھڑی ہے، آئین و پارلیمان کی بے توقیری کرنیوالوں کو چھپنے کیلئے کہیں جگہ نہی ملے گی۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی امن اور جمہوریت کیلئے جان دینے والے ہر شہید کی مقروض ہے اور انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 862302

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/862302/سانحہ-12-مئی-کے-قصورواروں-کیخلاف-آج-تک-کوئی-کارروائی-نہیں-کی-گئی-اسفندیار-ولی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org