0
Wednesday 13 May 2020 00:35

لگتا ہے وزیر خارجہ کو قوم کو تقسیم کرنیکی ذمہ داری پر لگا دیا گیا ہے، مولا بخش چانڈیو

لگتا ہے وزیر خارجہ کو قوم کو تقسیم کرنیکی ذمہ داری پر لگا دیا گیا ہے، مولا بخش چانڈیو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ لگتا ہے وزیر خارجہ کو قوم کو تقسیم کرنے کی ذمہ داری پر لگا دیا گیا ہے، قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی وزیر خارجہ نے بدترین سیاسی تقسیم کا مظاہرہ کیا۔ ایک بیان میں مولا بخش چابڈیو نے کہا کہ وزیر خارجہ کی تقریر میں سیاسی نفرت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی، جبکہ کورونا پالیسی سرے سے غائب تھی، جو کہ اصل زیر بحث ایشو تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے نئے قائد کی طرح قریشی صاحب نے سندھ پر حملے کا اعلان کیا، وزیر خارجہ نے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے سندھ کے لوگوں کے دل دکھائے، قریشی صاحب افسوس ہے کہ جس سندھ نے آپ کو محبت دی ہے، آج اسی سندھ سے آپ کو تعصب کی بو آ رہی ہے، سندھ کے لوگ آپ کے بزرگوں کے صدقے آج بھی آپ کو وہی پیار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قریشی صاحب سندھ میں آپ کو عقیدت، محبت اور نذرانے ضرور ملیں گے، مگر اب سیاسی حمایت اور ووٹ نہیں ملیں گے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کا سیاسی عشق بھٹو ہیں اور ان کا ووٹ بھٹو کے نواسے بلاول بھٹو زرداری کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کورونا سے لڑنے کا ہے ،مگر وفاقی حکومت سندھ پر حملوں کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی کہہ رہے ہیں کہ سیاست بعد ہوتی رہے گی، آئیں مل کر عوام کو کورونا سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ میری پارٹی کے چیئرمین نے گذشتہ روز قومی اسمبلی میں مفاہمت کی جو پیشکش کی، پوری قوم اس کی معترف ہے، اگر ہماری مفاہمانہ زبان کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے تو پھر قریشی صاحب آپ سندھ آئیں، ہم تیار ہیں، آئندہ انتخابات میں آپ کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 862327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش