1
Wednesday 13 May 2020 16:43

ایرانی صدر اور ملائیشیا کے وزیراعظم کے درمیان گفتگو، تجارت و یکطرفہ پابندیوں کیخلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایرانی صدر اور ملائیشیا کے وزیراعظم کے درمیان گفتگو، تجارت و یکطرفہ پابندیوں کیخلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ملائیشیا کے وزیراعظم محیی الدین یسٰین کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔ اس گفتگو میں ایرانی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان موجود تجارتی و مالی معاہدوں پر تیزی کے ساتھ عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا اور تاکید کی کہ وہ سالہا سال سے ایران و ملائیشیا کے درمیان جاری گہرے تعاون کو مزید فروغ دینے اور اس میں توسیع کے لئے کسی قسم کی کوششوں سے دریغ نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے جوہری معاہدے (JCPOA) کی اہمیت اور اس کی حفاظت پر زور دیتے ہوئے ایران پر، بالخصوص موجودہ بحران میں عائد یکطرفہ و غیر قانونی امریکی پابندیوں کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک یکطرفہ پابندیوں کے خلاف ایک دوسرے کے ساتھ عالمی سطح کا تعاون جاری رکھیں گے۔

دوسری طرف ملائیشیا کے وزیراعظم محیی الدین یسٰین نے بھی جوہری معاہدے (JCPOA) کی حفاظت پر زور دیا اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو دنیا بھر کے لئے ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کرونا سے مقابلے پر مبنی دونوں ممالک کے تجربات کے ایک دوسرے کو منتقل کئے جانے پر تاکید کی۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ضروری ہے کہ کرونا سے مقابلے کی خاطر تمام اسلامی ممالک ایک دوسرے کی مدد کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں صرف کر دیں۔ ایرانی صدر اور ملائیشیا کے وزیراعظم نے اپنی گفتگو میں اعلان کیا کہ ایران و ملائیشیا کرونا وائرس سے مقابلے کے حوالے سے اپنے تجربات اور طبی ساز و سامان کی فراہمی کے لئے تیار ہیں۔ ایرانی صدر نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو مناسب وقت میں ایران کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، جو انہوں نے قبول کر لی۔
خبر کا کوڈ : 862468
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش