QR CodeQR Code

یوم علی کے جلوس ایس او پیز کے تحت ہر صورت نکلیں گے، علامہ اقتدار نقوی

13 May 2020 22:39

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عزاداری میں رکاوٹیں ڈالنے سے اجتناب کرے، ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں یوم علی کے جلوس اور مجالس منعقد ہونگی۔ 


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر مکمل طور پر عمل کرتے ہوئے یوم علی کے جلوس برآمد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عزاداری کے پروگرام میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے اور اپنی توانائیاں مثبت اقدام پر صرف کرے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ قاضی نادر حسین علوی اور مولانا عمران ظفر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ بازاروں میں خریداروں کا ہجوم دیکھ کر صاف لگتا ہے کہ انتظامی معاملات حکومت کی گرفت سے نکلتے جا رہے ہیں۔ حکومت اپنی کمزوریوں پر توجہ دے کر ملک کو ممکنہ سنگین خطرات سے بچا سکتی ہے۔ پاکستان کی ملت تشیع ایک ذمہ دار قوم ہے، ہمیں ملک و قوم کی سلامتی عزیز ہے اور ہم ایسے اقدامات کی مخالفت کرتے ہیں، جس سے ملک کے کسی بھی فرد کی صحت و سلامتی کو خطرہ ہو۔

حکومت کی جانب سے طے شدہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ہر ایک کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ ان ایس او پیز پر عمل کے تحت یوم علی کی مناسبت سے جلوس معمول کے مطابق نکلیں گے۔ حکومت ان میں رکاوٹ پیدا کرنے کا خیال دل سے نکال دے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک و قوم کی سلامتی کے پیش نظر ہمیشہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں سے مکمل تعاون کیا ہے، ہماری اس لچک کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ یوم علی کے جلوسوں کی حفاظت کے لیے متعلقہ اداروں کو غیر معمولی اقدامات کی ہدایات کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 862523

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/862523/یوم-علی-کے-جلوس-ایس-او-پیز-تحت-ہر-صورت-نکلیں-گے-علامہ-اقتدار-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org