0
Thursday 14 May 2020 01:46

امیر المومنین امام علی المرتضیٰ(ع) کی حیات طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی

امیر المومنین امام علی المرتضیٰ(ع) کی حیات طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت امیر المومنین امام علی المرتضیٰ علیہ السلام کی حیات طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے، آپ نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی حفاظت اور تعلیمات قرآن و سنت کی ترویج کے لئے صرف کی، آپ نے اسلام کی حفاظت کے لئے انتھک مجاہد کا کردار ادا کیا اور ہمیشہ ظلم کے خلاف تلوار اٹھائی اور کفار کے مقابلے میں ایک بہادر شجاع انسان کی طرح مرد میدان بن کر مقابلہ کیا، نہج البلاغہ آپ کے بلند علمی مقام کا بین ثبوت ہے، جو پوری  امت مسلمہ بلکہ ہر مکتبہ فکر کے لئے رہنما کتاب کا درجہ رکھتی ہے، نہج البلاغہ شخصیت امام علی علیہ السلام کو سمجھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام علی علیہ السلام یتیموں اور مسکینوں کے ہمدرد تھے، آپ یتیموں کے لئے ایک مہربان باپ کی طرح تھے، اس لئے آپ کو ابو الیتامی کہا جاتا ہے، آپ رات کی تاریکی میں اٹھ کر غریبوں مسکینوں اور یتیموں کی دیکھ بھال کیا کرتے تھے اور راتوں کو دستک دے کر غریبوں کے گھر کھانا پہنچاتے تھے، آپ نے بحیثیت حکمران کے زاہدانہ زندگی گزاری، آپ کا زہد تقویٰ آج بھی حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہے، آپ نے حضرت مالک اشتر کو مصر کا گورنر مقرر کرتے ہوئے جو تحریری حکم نامہ دیا وہ الہی اسلامی حکومت کا ایک جامع دستور العمل ہے، جو آج بھی دنیا بھر کے حکمرانوں کے لئے بہترین نمونہ عمل ہے، عدل و انصاف کے قیام اور رعایا کی مشکلات حل کرنے کے لئے آپ کا انداز حکومت ایک مثالی طرز حکمرانی کا درجہ رکھتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 862530
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش