QR CodeQR Code

سندھ حکومت اور محکمہ صحت کی نااہلی کے باعث سندھ میں خوف کی فضا قائم ہے، سردار عبدالرحیم

15 May 2020 05:20

ایک بیان میں جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بنائی گئی ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے، پولیس اور سندھ حکومت کے دیگر ادارے لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں، جس سے کورونا وائرس مزید بڑھ جائے گا، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کے ایس او پیز پر مکمل طور عملدرآمد کرائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری اور جی ڈی اے کے انفارمیشن سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور محکمہ صحت کی نااہلی کے باعث سندھ میں خوف کی فضا قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیر جو گوٹھ میں محکمہ صحت کی جانب سے گزشتہ دنوں کورونا وائرس کے کئے گئے ٹیسٹوں میں سے 250 لوگوں کی رزلٹ پازیٹیو آئے تھے، جس پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نے سخت خدشات کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ ٹیسٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد 88 لوگوں کے دوبارہ ٹیسٹ لئے گئے جن میں سے 61 لوگوں کو وائرس نہیں ہے اور نتیجہ منفی آیا جبکہ 27 لوگوں کا رزلٹ پازیٹیو آیا ہے۔

سردار رحیم کے مطابق ان نتائج سے ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے ہیں لہٰذا کراچی سمیت پوری سندھ میں جن لوگوں کے ٹیسٹ حکومتی اداروں نے کروائے ہیں اور ان کے نتائج مثبت آئے ہیں ان کے دوبارہ ٹیسٹ کئے جانے چاہیں اور اگر ایسا ہو  تو خیال کیا جاتا ہے کہ 75 فیصد لوگوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بنائی گئی ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے، پولیس اور سندھ حکومت کے دیگر ادارے لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں، جس سے کورونا وائرس مزید بڑھ جائے گا، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کے ایس او پیز پر مکمل طور عملدرآمد کرائے۔


خبر کا کوڈ: 862782

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/862782/سندھ-حکومت-اور-محکمہ-صحت-کی-نااہلی-کے-باعث-میں-خوف-فضا-قائم-ہے-سردار-عبدالرحیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org