0
Friday 15 May 2020 11:48

پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے پرچی سسٹم ختم کیا جائے، شہباز شریف

پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے پرچی سسٹم ختم کیا جائے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ صدر مسلم لیگ (ن) اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی پریشانی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور ان کی فوری وطن واپسی کے لیے اضافی اور خصوصی پروازیں چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہباز شریف نے حکام سے مطالبہ کیا کہ جہاز چارٹر کریں لیکن عیدالفطر سے قبل بیرون ملک پھنسے تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نےکہا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں کا سلوک بند کیا جائے، مریض، بزرگ، طلباء، فیملیز سمیت دیگر پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیر خارجہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو احساس ہوتا تو اب تک یہ آپریشن مکمل ہو جاتا، حکومت کی توجہ عوام کی مشکلات حل کرنے کے بجائے تقریروں، تسلیوں اور اپوزیشن کو فتح کرنے پر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانوں پر لمبی قطاریں حکمرانوں کی بےحسی اور پاکستانیوں کی بے بسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہر مرحلے پر ملک کی مدد کرنیوالے پاکستانیوں کو سفاک حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے اب کمٹمنٹ کہاں ہے، حکومت کو یہ احساس بھی نہیں کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے پاس وسائل بھی ختم ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آفس، وزارت خارجہ اور ایک چہیتے وزیر کی پرچی وطن واپسی کی شرط بنا دینے کی شکایت تشوشناک ہے، پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے پرچی سسٹم ختم کر کے فوری جامع حکمت عملی بنائی جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ یہ رویہ انتہائی قابل مذمت، قابل افسوس اور شرمناک ہے۔
خبر کا کوڈ : 862813
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش