0
Friday 15 May 2020 17:14

وزیراعظم کی تمام صوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل

وزیراعظم کی تمام صوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے کورونا وائرس ختم نہیں ہوگا اور تمام صوبوں سے درخواست کرتا ہوں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھول دیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی صورتحال پر سرکاری ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کھولنے کے فیصلے پر طبی عملے کی فکر تھی کہ اسپتالوں پر دباؤ بڑھے گا، حکومت کو طبی عملےکی پریشانیوں کا پوری طرح احساس ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اگر کوئی یقین دلاتا کہ 2 یا 3 ماہ کے لاک ڈاؤن سے کورونا وائرس ختم ہو جائے گا تو ہم ایسے کرلیتے، لیکن لاک ڈاؤن سے کورونا وائرس ختم نہیں ہوگا اور ایک سال تک بھی کوئی ویکسین آنے کا امکان نہیں، لاک ڈاؤن جب بھی کھولیں گے کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو جاگا، اب اس وائرس کے ساتھ گزارا کرنا ہوگا، مسلسل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے ملک میں 15 کروڑ لوگ متاثر ہیں، میڈیکل برادری بتائے کہ ان لوگوں کا کیا کریں، ہم نے احساس پروگرام سمیت وہ کام بھی کیے جو ترقی یافتہ ممالک بھی نہ کرسکے، لیکن کب تک کریں گے، عوام کو روزگار نہ دیا تا کورونا سے زیادہ بھوک سے مرنے کا خطرہ ہے، دن میں 10 دفعہ سوچتا ہوں کہ سفید پوش لوگ کیسے گزارا کر رہے ہوں گے، باقی ممالک اپنے عوام کو کورونا سے بچا رہے ہیں، ہم تو اپنے لوگوں کو بھوک سے مرنے سے بچارہے ہیں، لاک ڈاؤن کھولنا ہماری مجبوری ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملک میں پولیو اور بچوں کی ویکسینیشن سمیت اور بھی بیماریاں ہیں جو نظرانداز ہو رہی ہیں، کورونا کو دیکھ رہے ہیں لیکن باقی ملک بھی تو سنبھالنا ہے، کورونا سے 52 ہزار 324 کیسز اور 1324 اموات ہونے کا خدشہ تھا لیکن کیسز 35 ہزار 700 اور اموات 770 ہیں، جو کاروبار کھولیں گے اس کے مالک کو ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا، جن جگہوں پر کیسز بڑھے انہیں بند کر دیں گے، کارخانے دار اور دکاندار ایس او پیز پر عمل کریں اور ذمہ داری لیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم تمام صوبوں کے اتفاق رائے سے فیصلہ کرتے ہیں اور کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرتے جس میں ایک صوبہ بھی نہ مان رہا ہوں، اس لیے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوسکا، کیونکہ ایک دو صوبوں کو اس سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھول دیں، کیونکہ ٹرانسپورٹ بند کرکے غریب کو نقصان پہنچا رہے ہیں، امریکا اور یورپ جہاں ایک دن میں 800 لوگ مررہے ہیں، انہوں نے بند نہ کی تو ہم نے کیوں بند کرکے رکھ دی، پھر درخواست کروں گا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھول دیں۔
خبر کا کوڈ : 862867
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش