1
Friday 15 May 2020 20:10

شہید ابومہدی المہندس کی توہین کرنیوالے سعودی نشریاتی ادارے کو فوری بند کیا جائے، عراقی پارلیمانی کمیٹی

شہید ابومہدی المہندس کی توہین کرنیوالے سعودی نشریاتی ادارے کو فوری بند کیا جائے، عراقی پارلیمانی کمیٹی
اسلام ٹائمز۔ عراقی پارلیمانی کمیٹی برائے مواصلات و ذرائع ابلاغ نے سعودی نشریاتی ادارے MBC کی جانب سے حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر شہید ابومہدی المہندس کی توہین کئے جانے کے بعد عراق کے اندر موجود اس سعودی ٹیلیویژن چینل کے تمام دفاتر اور نشریات کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ عراقی پارلیمانی کمیٹی نے جاری ہونے والے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی نشریاتی ادارہ MBC سالہا سال سے مختلف حیلوں بہانوں کے ساتھ عراق کی اہم قومی شخصیات کی توہین میں مصروف ہے اور اب اس نشریاتی ادارے کی طرف سے اعلی ترین جہادی شخصیت ابومہدی المہندس پر بھی تہمت عائد کر دی گئی ہے۔

عرب ای مجلے العہد نے اس حوالے سے لکھا ہے کہ شہید ابومہدی المہندس وہ شخص ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی جہاد اور معدوم رژیم (صدام کی بعث آمریت)، داعشی دہشتگرد، شرپسند عناصر اور قابض قوتوں کے خلاف جدوجہد میں گزار دی۔ العہد کے مطابق عراقی پارلیمانی کمیٹی نے اپنے بیان میں تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ابومہدی المہندس کی توہین کرنے والا سعودی نشریاتی ادارہ عراقی عوام سے فی الفور معافی مانگے وگرنہ ملک میں موجود MBC کے تمام دفاتر و ذیلی ادارے بند کر دیئے جائیں گے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک خاص سیاسی نکتۂ نظر اور مذہبی فرقے کے حامل نشریاتی ادارے، جس کو خاص تنظیموں کی جانب سے ملنے والی مالی امداد بھی کوئی ڈھکی چھپی نہیں، کی طرف سے باافتخار قومی شخصیات کی ہونے والی مسلسل توہین کا بھرپور جواب دیا جانا چاہئے۔

عراق کی پارلیمانی کمیٹی برائے مواصلات و ذرائع ابلاغ نے اپنے بیان کے آخر میں کہا ہے کہ عالمی استکباری طاقتوں کے خلاف جدوجہد کرنے والی عراقی قومی شخصیات کو بدنام کرنے کی خاطر خباثت و کینہ توزی پر مبنی نشریات جس قدر بھی بڑھ جائیں، شہید ابومہدی المہندس تاریخ انسانیت میں تاابد جگمگانے والے روشن چراغ کے مانند باقی رہیں گے۔ واضح رہے کہ سعودی نشریاتی ادارے MBC نے اپنی نشریات کے دوران یہ بےبنیاد دعوی کر دیا تھا کہ حشد الشعبی کے شہید ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس نے اپنے اقدامات کے ذریعے عراق کے اندر دہشتگردی کو رواج دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 862890
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش