0
Friday 15 May 2020 23:55

پاراچنار میں یوم شہادت امام علیؑ بھرپور عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا

پاراچنار میں یوم شہادت امام علیؑ بھرپور عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ قبائلی ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سمیت کرم بھر میں داماد رسول (ص) حضرت علی (ع) کے یوم شہادت کے موقع پر عزاداری کی مجالس کا انعقاد کیا گیا، کرونا وائرس کے پیش نظر امام بارگاہ میں داخل ہونے والوں کے گیٹ پر ٹمپریچر کی چیکنگ کے بعد عزاداروں کو اندر جانے کی اجازت دی جاتی رہی۔ ضلع کرم کے تقریباً تین سو امام بارگاہوں میں حضرت علی علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر عزاداری کی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ عزاداری کا مرکزی اجتماع پاراچنار کی مرکزی امام بارگاہ میں ہوا، جس میں ہزاروں روزہ داروں نے سینہ کوبی کرکے امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر امام بارگاہ میں داخل ہونے والوں کا باقاعدہ گیٹ پر ٹمپریچر چیک کیا جاتا رہا۔

اس موقع پر علامہ لائق حسین، علامہ احسان اللہ محسنی اور دیگر علمائے کرام نے کہا کہ دین اسلام کی تبلیغ و سربلندی کیلئے امام عالی مقام نے بے مثال کردار ادا کیا اور شجاعت و بہادری کیساتھ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہمہ وقت ساتھ دیا۔ امام علی (ع) نے رسول خدا (ص) کے دور میں اسلام کی سربلندی کیلئے 85 جنگیں لڑیں اور تمام جنگوں میں فاتح ٹھہرے۔ وہ نہ صرف میدان جنگ بلکہ طرز حکومت اور عدالت میں بھی یکتا تھے۔ جس کے نہ صرف مسلمان بلکہ یہود بھی معترف تھے۔ علماء نے کہا کہ امام علیؑ کی سیرت و کردار مشعل راہ ہے، جس پر عمل کرکے ہم طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ یوم علیؑ کے موقع پر پولیس اور فورسز کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 862911
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش