QR CodeQR Code

کراچی میں یوم علیؑ کے جلوس پر پتھراو اور عزاداروں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، علامہ نیاز نقوی

16 May 2020 09:16

علماء سے گفتگو میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے پُرامن حالات سے پریشان شرپسند گروہ، ایک بار پھر ملک میں فسادات برپا کرنا چاہتا ہے، لیکن یہ حقیقت ہے کہ اہل تشیع پُرامن ہیں، لیکن عزاداری پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے حکومت، سول انتظامیہ، رضاکار، اسکاوٹس تنظیموں اور عزاداروں کا یوم شہادت امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے سلسلے میں جلوسوں کا اہتمام کرنے، بھرپور شرکت، سکیورٹی کیساتھ کورونا وائرس سے بچاو کیلئے حفاظتی اقدامات کلورین سپرے، دستانے، سینیٹائزر اور ماسک تقسیم کرنے جیسے اقدامات پر شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم علیؑ کے جلوسوں میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا گیا، ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ حکومت نے جلوسوں پر پابندی عائد کی تو لوگ خود اس کا اہتمام کریں گے، اگر حکومت بروقت اجازت دے دیتی تو ملک بھر میں یوم شہادت علیؑ کے پروگرام بہتر انداز سے منعقد ہوسکتے تھے۔

جامعۃ المنتظر میں علماء سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ تنظیموں کو انتظامات مکمل کرنے کیلئے مناسب وقت مل جاتا تو بہتر نظم و ضبط ممکن تھا۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ جانشین رسول حضرت علی علیہ السلام کی شہادت کے پروگرام منعقد کرنے والوں کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی توفیقات میں اضافہ فرمائے۔ انہوں نے کراچی میں جلوس عزاء پر شرپسندوں کے پتھراو، شکارپور اور دیگر علاقوں میں عزاداروں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کچھ عرصے سے پُرامن حالات سے پریشان شرپسند گروہ، ایک بار پھر ملک میں فسادات برپا کرنا چاہتا ہے، لیکن یہ حقیقت ہے کہ اہل تشیع پُرامن ہیں، لیکن عزاداری پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 862963

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/862963/کراچی-میں-یوم-علی-کے-جلوس-پر-پتھراو-اور-عزاداروں-کی-گرفتاریاں-قابل-مذمت-ہیں-علامہ-نیاز-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org