QR CodeQR Code

سندھ حکومت کے دوہرے معیارات سے فرقہ واریت کو ہوا مل رہی ہے

سندھ حکومت نے من پسند افراد کو تمام ایس او پیز بالائے طاق رکھنے کی کھلی اجازت دی، حافظ نعیم الرحمن

17 May 2020 04:31

ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے عوام پر جب مختلف پابندیاں لگائی گئی ہیں اور سختیاں کی جارہی ہیں تو اس کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیئے لیکن ایسا دیکھنے میں نہیں آیا، حکومت لاک ڈاؤن کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے حل میں ناکام ہوگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے دوہرے معیارات سے فرقہ واریت کو ہوا مل رہی ہے، کورونا وائرس کی وباء سے بچاؤ کے لئے لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا سلسلہ دو ماہ سے جاری ہے جس میں بتدریج سختی اور نرمی کی جاتی رہی، کاروبار اور مارکیٹیں کھلنے میں کئی ہفتے لگ گئے اور اب بھی کاروبار جزوی طور پر ہی بحال ہوا ہے جبکہ ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہے، لاک ڈاؤن کے دوران مساجد بھی پابندیوں کی زد میں آئیں اور لوگوں کے لئے نماز جمعہ اور رمضان المبارک میں تراویح کی ادائیگی بھی مشکل ہوگئی اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ گزشتہ چند دنوں میں ایک طرف تو تاجروں پر 10 لاکھ جرمانے کا ناجائز قانون بنایا گیا ہے جس سے رشوت خوری کا نیا کاروبار شروع ہوگیا، دوسری جانب من پسند افراد کو تمام ایس اوپیز بالائے طاق رکھنے کی کھلی اجازت دی گئی، جس کے باعث عوام کی اکثریت میں بے چینی اور اضطراب کا پیدا ہونے ایک فطری عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے عوام پر جب مختلف پابندیاں لگائی گئی ہیں اور سختیاں کی جارہی ہیں تو اس کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیئے لیکن ایسا دیکھنے میں نہیں آیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت لاک ڈاؤن کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے حل میں ناکام ہوگئی ہے اب اس طرح کے اقدامات اور فیصلوں سے حکومت اپنا اعتبار مسلسل کھورہی ہے اور عوام کے ذہنوں میں بہت سے سوالات اور شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں جن کودور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ ہجوم کو کم کرنے کے لیے مارکیٹوں کے کھلنے کے ایام اور دورانیہ بڑھایا جائے،سڑکوں اور بازاروں کی مینجمنٹ پولیس اور ٹریفک پولیس سے کروائی جائے۔


خبر کا کوڈ: 863146

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/863146/سندھ-حکومت-نے-پسند-افراد-کو-تمام-ایس-او-پیز-بالائے-طاق-رکھنے-کی-کھلی-اجازت-دی-حافظ-نعیم-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org