0
Sunday 17 May 2020 09:10

لاہور، یوم علیؑ پر موچی دروازہ اور امامیہ کالونی سے جلوس نکالنے پر مقدمات درج

لاہور، یوم علیؑ پر موچی دروازہ اور امامیہ کالونی سے جلوس نکالنے پر مقدمات درج
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں پولیس نے یوم علیؑ کے موقع پر جلوس نکالنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ لاہور میں یوم شہادت حضرت علیؑ کا مرکزی جلوس برسوں سے اندرون موچی دروازہ مبارک حویلی سے برآمد ہوتا ہے۔ امسال حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر جلوس نکالنے پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم مجلس عزاء برپا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ عزاداروں کے بھرپور اصرار پر لاہور پولیس کے اعلیٰ افسران نے جلوس نکالنے کی اجازت دیدی تاہم جلوس کے بانیان کو ہدایت کی گئی کہ جلوس نماز مغرب کی بجائے نماز ظہر کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچا کر اختتام پذیر کر دیا جائے۔ جس پر بانیان نے حامی بھرلی تھی اور تاریخ میں پہلی بار مرکزی جلوس اڑھائی بجے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا تھا۔

اب تھانہ اکبری گیٹ میں جلوس نکالنے پر چار مختلف  مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ ایف آئی آر میں جلوس بانیان سمیت 400 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمات میں پنجاب مینٹینس آف پبلک آرڈیننس کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ دوسری جانب لاہور کے علاقے امامیہ کالونی سے بھی یوم شہادت مولائے متقیان کا جلوس برآمد ہوا تھا جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ تھانہ فیروز والا میں درج کیا گیا ہے۔ جس میں 70 کے قریب نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ مقدمہ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جلوس کے بانیان کو بارہا بتایا گیا کہ جلوس پر پابندی عائد ہے اس کے باوجود جلوس برآمد کرکے قانون کی خلاف ورزی کی گئی جبکہ ایف آئی آر میں جلوس کے شرکاء پر کورونا وائرس پھیلانے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 863158
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش