0
Monday 18 May 2020 11:10

پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ جزوی طور پر بحال، ٹرانسپورٹرز 2 دھڑوں میں تقسیم

پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ جزوی طور پر بحال، ٹرانسپورٹرز 2 دھڑوں میں تقسیم
اسلام ٹائمز۔ پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ جزوی طور پر بحال ہوگئی، تاہم ایک دھڑے نے حکومتی ایس او پیز تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے گاڑیاں نہ چلانے کا اعلان کیا ہے۔ آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چئیرمین عصمت اللہ نیازی نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے بتائے گئے ایس او پیز کچھ اور تھے اب نظر کچھ اور آ رہے ہیں۔ ہماری مشاورت سے بنائے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کروایا گیا تو گاڑیاں نہیں چلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کرایوں میں کمی منظور کرلی لیکن مسافروں کی تعداد میں کمی قبول نہیں۔ 50 فیصد مسافروں کیساتھ بسیں نہیں چلا سکتے۔ اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ نہیں چلے گی۔

دوسری جانب صدر انصاف ٹرانسپورٹ ورکر فیڈریشن شکیل اشرف بٹ نے اتوار کی رات 12 بجے سے تمام ٹرانسپورٹ فعال کرنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد ٹرانسپورٹ چلانے کے معاملے میں پنجاب کے ٹرانسپورٹر دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔  شکیل اشرف نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امید کرتے ہیں کہ وزیر اعلی پنجاب ہمیں مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔ انصاف ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن کے رہنما مرزا شہزاد کا کہنا تھا کہ دو مہینوں سے ٹرانسپورٹ بند ہونے سے مالی مشکلات کا شکار ہوئے ہیں۔ حکومت نے جو ایس او پیز تیار کی ہیں وہ کافی آسان ہیں۔ ٹرانسپورٹر بھائیوں اور دیگر تنظیموں کی کاوشوں سے ٹرانسپورٹ کو کھول دیا گیا۔ گاڑیوں کو ڈس انفیکٹ کرنا، ہینڈ سینیٹائزر ماسک کا استعمال کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا حکومت سے امید رکھتے ہیں کہ ہمارے ٹیکسز اور ٹول میں ریلیف کا اعلان کیا جائے گا۔ اے سی اور نان اے سی بسوں کے کرایوں میں اور 15 فیصد کمی کی جائے گی اور حکومتی احکامات کی تعمیل کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 863336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش