QR CodeQR Code

افغانستان میں امن پاکستان ہی نہیں پورے خطے میں امن کی ضمانت ہے، اسفندیار ولی

18 May 2020 14:28

اپنے ایک بیان میں اے این پی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں مستقل امن کیلئے تمام رہنمائوں کا ایک پیج پر ہونا نیک شگون ہے، اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان معاہدہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، امید ہے دونوں رہنماء افغانستان میں مستقل امن کیلئے مشترکہ کوششیں کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اشرف غنی اور ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے درمیان معاہدہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، افغانستان میں مستقل امن کیلئے تمام رہنمائوں کا ایک پیج پر ہونا نیک شگون ہے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ نے امید ظاہر کی کہ دونوں رہنماء افغانستان میں امن کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے، کیونکہ باہمی اتفاق اور اتحاد ہی سے افغانستان اور پورے خطے میں امن کی فضا قائم ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرا افغان مذاکرات وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ اسی سے افغان امن عمل کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر اشرف غنی اور ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ مل کر ہر فریق سے بات کرنے کی کوشش کریں، کیونکہ افغانستان میں امن پاکستان ہی نہیں پورے خطے کی ضمانت ہے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان معاہدے پر پورے افغان عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ دراصل افغان عوام کیلئے عید سے پہلے عید کے برابر ہے۔ افغانستان میں جاری جنگ کے ماحول میں ایسی خبروں کا آنا نایاب ہوچکا تھا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کو بھی افغان امن عمل میں مزید کردار ادا کرنا ہوگا، تاکہ پورے خطے میں مستقل امن کی فضا قائم ہوسکے۔


خبر کا کوڈ: 863375

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/863375/افغانستان-میں-امن-پاکستان-ہی-نہیں-پورے-خطے-کی-ضمانت-ہے-اسفندیار-ولی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org