QR CodeQR Code

شمالی وزیرستان، لڑکیوں کی نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والا ملزم گرفتار

18 May 2020 17:35

ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کے مطابق ویڈیو بنانے والا ملزم عمر آیاز خصوصی کارروائی کے دوران گرفتار ہوا، جبکہ دو خواتین کو قتل کرنے کے الزام میں بھی 4 افراد پہلے سے گرفتار ہیں اور میرانشاہ کے حوالات میں بند ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان میں لڑکیوں کی نازیبا ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ویڈیو کا مرکزی ملزم عمر آیاز شمالی وزیرستان پولیس کی حراست میں ہے۔ ملزم کو میرانشاہ جیل میں بند کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے تحصیل رزمک کے دور افتادہ علاقے گڑیوام میں ویڈیو لیک ہونے کے بعد دو لڑکیوں کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کے مطابق ویڈیو بنانے والا ملزم عمر آیاز خصوصی کارروائی کے دوران گرفتار ہوا، جبکہ دو خواتین کو قتل کرنے کے الزام میں بھی 4 افراد پہلے سے گرفتار ہیں اور میرانشاہ کے حوالات میں بند ہیں۔ چند ہفتے قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا تھا جس میں تین لڑکیاں اور ایک لڑکا قابل اعتراض حرکات کرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔ رزمک پولیس کے مطابق لڑکیاں آپس میں کزنز تھیں جنہیں جمعہ کے روز اپنا چچا زاد پلین شام گڑیوم کے علاقے میں قتل کر چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی گئی لڑکیوں کی لاشوں کو جنوبی وزیرستان میں اپنے رشتہ دار لے گئے ہیں، جبکہ ویڈیو میں نظر آنے والی تیسری لڑکی اور لڑکا ابھی تک غائب ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ دونوں زندہ ہیں اور کسی دوسرے علاقے میں چھپ گئے ہیں۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی سب سے اولین ترجیح تیسری لڑکی اور لڑکے کی جانیں بچانا ہے۔


خبر کا کوڈ: 863419

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/863419/شمالی-وزیرستان-لڑکیوں-کی-نازیبا-ویڈیو-سوشل-میڈیا-پر-وائرل-کرنے-والا-ملزم-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org