QR CodeQR Code

یوم علیؑ پر نہتے روزہ دار عزاداروں پر تشدد افسوسناک ہے، علامہ نیاز نقوی

18 May 2020 21:40

علماء سے گفتگو کرتے ہوئے وفاق المدارس الشیعہ کے نائب صدر نے کہا کہ کئی مقامات پر انتظامیہ نے یوم علیؑ کے جلوس نہیں نکلنے دیئے جو ایک افسوسناک اور قابل مذمت فعل ہے، مجالس اور جلوس عزا ہمارا مسلمہ حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عزادار پرامن ہیں، ان جلوسوں کے شرکاء نے کسی شخصی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور نہ ہی اشتعال انگیزی پیدا کی، مگر پولیس نے عزاداروں پر ظالمانہ تشدد کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت کے سلسلے میں نکلنے والے عزاداری کے جلوسوں پر پولیس کے تشدد اور مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزہ دار عزاداروں پر تشدد، گرفتاری ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت کو زیب نہیں دیتی، اسیران عزاداری کیخلاف مختلف شہروں میں درج ایف آئی آرز کو فی الفور واپس لیا جائے۔ علماء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر انتظامیہ نے یوم علیؑ کے جلوس نہیں نکلنے دیئے جو ایک افسوسناک اور قابل مذمت فعل ہے، مجالس اور جلوس عزا ہمارا مسلمہ حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عزادار پرامن ہیں، ان جلوسوں کے شرکاء نے کسی شخصی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور نہ ہی اشتعال انگیزی پیدا کی، مگر پولیس نے عزاداروں پر ظالمانہ تشدد کیا۔

علامہ نیاز نقوی نے واضح کیا کہ خانوادہء رسالت کی عزاداری تا قیامت جاری و ساری رہے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت بیوروکریسی کی ان کالی بھیڑوں کو نکال باہر کرے جو اس حکومت کو ناکام کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے اپنا رہی ہیں۔ بعض شہروں میں روزہ دار، نہتے عزاداروں کیخلاف پولیس گردی نہایت شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین و قانون میں دی گئی مذہبی آزادی کچلنے کیلئے موجودہ حکومت کا رویہ بھی سابقہ حکومتوں سے مختلف نہیں۔ ایک اسلامی ملک میں تمام مسلمانوں کی عقیدتوں کی مرکز و محور ہستی کی یاد منانے پر مقدمات و تشدد نہایت شرمناک ہے۔


خبر کا کوڈ: 863451

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/863451/یوم-علی-پر-نہتے-روزہ-دار-عزاداروں-تشدد-افسوسناک-ہے-علامہ-نیاز-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org