0
Tuesday 19 May 2020 11:28

مذہبی طبقات کی کردار کشی قابلِ مذمت ہے، علمائے کرام

مذہبی طبقات کی کردار کشی قابلِ مذمت ہے، علمائے کرام
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے علمائے کرام مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، مولانا انوار الحق، مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی، مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا محمد حنیف جالندھری اور دیگر علمائے کرام کا کہنا ہے کہ سرکاری اہلکاروں اور حکومتی ذمے داران کی طرف سے مذہبی طبقات کی کردار کشی قابل مذمت ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے علمائے کرام کا موجودہ صورت حال کے حوالے سے کہنا ہے کہ کورونا وائرس کو فرقہ وارانہ کشیدگی اور اشتعال انگیزی کے لیے استعمال کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دینی قیادت نے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوششوں کو اپنی حکمتِ عملی، تدبر سے آگے نہیں بڑھنے دیا۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے دینی حلقوں کو ایک بار پھر مل بیٹھ کر نئے سرے سے صف بندی کرنے کی ضرورت ہے۔

علمائے کرام کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذہب کے معاشرتی کردار کو فروغ دینے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوششوں کو ہمیشہ کی طرح ناکام بنائیں گے۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کا مذہب اور مذہبی اقدار و روایات کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کسی طور پر قبول نہیں۔ علمائے کرام نے اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی آڑ میں مسجد، مدرسہ اور دینی معاملات کو ہدف بنایا جا رہا ہے جو افسوسناک ہے۔ اعلامیے کے مطابق متاثرہ زائرین کو واپس لاتے ہوئے اسے بیلنس کرنے کے لیے تبلیغی جماعت کو ہدف بنا کر فرقہ واریت کو ہوا دی گئی۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اعتکاف پر پابندی اور یومِ علی پر پیش آنے والے واقعات سے اندازہ ہوا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی کا ماحول گرم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ علمائے کرام کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ایک لادین اور فرقہ پرست ملک کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اعلامیے میں علمائے کرام کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ قیامِ پاکستان کے تہذیبی اور دینی مقاصد کو ناکام بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ علماء کے متفقہ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی آڑ میں دینی اقدار کو ہدف بنانے، فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوششوں کے سنگین نتائج پر ریاستی ادارے اور حکومت توجہ دے۔
خبر کا کوڈ : 863555
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش