QR CodeQR Code

امیر جماعت اسلامی کا حماس رہنماء خالد مشعل سے ٹیلیفونک رابطہ

قبلہ اول کو دہشتگردوں سے آزاد کروانے کیلئے عالم اسلام کو عملی جدوجہد کرنا ہوگی، سراج الحق

19 May 2020 16:51

سربراہ جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ القدس کی آزادی کیلئے ایک لاکھ سے زیادہ فلسطینی نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ عالمی استکبار کی سازشیں ناکام ہو جائیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اقوام متحدہ اور دوسری عالمی تنظیموں سے فلسطینی حقوق کے دفاع کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر نے فلسطینی علاقوں کے خلاف صیہونیوں اور امریکی حکام کی سازشوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو صرف بیانات کی تکرار کے بجائے فلسطینی عوام کے حقوق کے دفاع کے لئے عملی اقدامات کرنا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی دفتر کے سابق سربراہ خالد مشعل کے ساتھ ایک ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے فلسطین پر قبضہ کرنے سے متعلق اسرائیل کیلئے امریکی حمایت اور فلسطین کے خلاف عالمی سازشوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور دوسری عالمی تنظیموں سے فلسطینی حقوق کے دفاع کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

سراج الحق نے اس بات پر زور دیا کہ صیہونیوں کی فلسطینی سرزمین پر مزید قبضہ کرنے کے لئے امریکی حمایت کے باوجود، فلسطینی ریاست کسی بھی قیمت پر اور اپنے اصل مقام پر قائم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ القدس کی آزادی کے لئے ایک لاکھ سے زیادہ فلسطینی نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی استکبار کی سازشیں ناکام ہو جائیں گی، تاہم عالم اسلام کو قبلہ اول کو دہشت گردوں سے آزاد کروانے میں مدد کے لئے بھرپور جدوجہد کرنی ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 863611

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/863611/قبلہ-اول-کو-دہشتگردوں-سے-آزاد-کروانے-کیلئے-عالم-اسلام-عملی-جدوجہد-کرنا-ہوگی-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org