QR CodeQR Code

عالمی یوم القدس کے موقع پر حکومتی ایس او پیز کے تحت علامتی احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، علامہ اقتدار نقوی 

19 May 2020 17:10

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک آزادی القدس کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ یوم القدس جہاں فلسطینی مسلمانوں کی حمایت کا مظہر ہے وہیں عالم اسلام میں جہاں بھی ظلم ہو رہا ہے اُس کے خلاف آواز اُٹھائیں گے، بھارت کرونا کی آڑ میں کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مسلسل کشمیریوں کو نشان عبرت بنا رہا ہے، عالمی طاقتیں اور نام نہاد مسلمان لیڈر بدقسمتی سے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک آزادی القدس کے زیراہتمام مختلف جماعتوں کے رہنمائوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کی، جس میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، جامعہ شہید مطہری کے پرنسپل علامہ قاضی نادر حسین علوی، مرکزی میڈیا کوارڈینیٹرپاکستان عوامی تحریک رائو محمد عارف رضوی، آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر شہریار حیدر، ایم ڈبلیو کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات انجینیئر مہر سخاوت علی سیال موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ گزشہ سالوں کی طرح اس سال بھی فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ حمایت کے طور پر عالمی یوم القدس منائیں گے، کرونا وائرس کی وجہ سے حکومتی ایس او پیز کے تحت علامتی احتجاج جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں ہوں گے، ملتان میں بھی حسب معمول مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنما اور کارکنان علامتی احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ 

علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ عزاداری ہمارا قانونی و آئینی حق ہے۔ہمارے درمیان یہ بات طے شدہ تھی کہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے مراسم عزا ادا کیے جائیں گے تاہم حکومت نے اپنے فیصلے میں اچانک تبدیلی کر کے ملت تشیع میں اضطراب پیدا کر دیا۔ اس غیرمتوقع صورتحال کی ساری ذمہ داری وفاقی و صوبائی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے، جس نے انتظامی معاملات پر کمزور گرفت رکھتے ہوئے مسائل پیدا کیے۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور قانون شکنی کو جرم تصور کرتی ہے لیکن قانون کے نام پر مذہبی معاملات پر قدغن کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔پنجاب اور سندھ میں جتنے بھی مقدمات قائم کیے گئے ہیں حکومت فی الفور واپس لے۔ ڈویژنل صدر آئی ایس او ملتان شہریار حیدر نے کہا کہ امام خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ کے حکم پر دنیا بھر میں یوم القدس منایا جاتا ہے اور پاکستان میں آئی ایس او پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ہمیشہ مظلوموں کی آواز بلند کرتی رہی ہے، ہم یوم القدس کے موقع پر فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ساتھ کشمیری اور یمنی مسلمانوں کی بھی حمایت کریں گے۔ 

علامہ قاضی نادر علوی نے کہا کہ یوم القدس جہاں فلسطینی مسلمانوں کی حمایت کا مظہر ہے وہیں عالم اسلام میں جہاں بھی ظلم ہو رہا ہے اُس کے خلاف آواز اُٹھائیں گے، اُنہوں نے کہا کہ بھارت کرونا کی آڑ میں کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مسلسل کشمیریوں کو نشان عبرت بنا رہا ہے، عالمی طاقتیں اور نام نہاد مسلمان لیڈر بدقسمتی سے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر رائو محمد عارف رضوی نے کہا کہ بیت المقدس کی ہر تحریک کی حمایت کرتے ہیں، مجلس وحدت مسلمین سمیت دیگر جماعتوں کی کوششیں لائق تحسین ہیں، انشاء اللہ یوم القدس کے دن مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 863619

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/863619/عالمی-یوم-القدس-کے-موقع-پر-حکومتی-ایس-او-پیز-تحت-علامتی-احتجاج-ریکارڈ-کرائیں-گے-علامہ-اقتدار-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org