QR CodeQR Code

مشکل وقت میں الخدمت فاونڈیشن کیجانب سے یتیموں کی خدمت قابل تعریف ہے، جلال الدین رومی 

19 May 2020 17:27

ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود گروپ آف انڈسٹریز کے سربراہ کا کہنا تھا کہ الخدمت کی کفالت یتامی کے حوالے سے کی جانیوالی کوشش قابل تعریف ہے، بلاشبہ یتیم کی کفالت کرنیوالا رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی رفاقت حاصل کریگا، جو کہ بہت بڑی خوش قسمتی ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ الخدمت فاونڈیشن ملتان کے زیراہتمام معروف صنعتکار اور سماجی شخصیت جلال الدین رومی کے تعاون سے زیرکفالت یتیم بچوں اور بیوہ خواتین کے لیے عید گفٹ کی تقسیم کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا، پروگرام کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر محمود گروپ جلال الدین رومی تھے، تقریب میں سرپرست الخدمت فاونڈیشن ملتان اور امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی صدر الخدمت فاونڈیشن احمد چغتائی اور سیکرٹری الخدمت فاونڈیشن ملتان ڈاکٹر ولی مجاہد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر جلال الدین رومی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت کی کفالت یتامی کے حوالے سے کی جانے والی کوشش قابل تعریف ہے، بلاشبہ یتیم کی کفالت کرنے والا رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی رفاقت حاصل کرے گا، جو کہ بہت بڑی خوش قسمتی ہوگی۔ انہوں نے کہا آج آپ بچوں کے درمیاں آکر میں خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے الخدمت آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹر بچوں میں سے 25 ہونہار طلباء و طالبات کی اعلیٰ تعلیم کے لیے سکالرشپ کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر سرپرست الخدمت فاونڈیشن ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن اس وقت 350 آرفن بچوں کی کفالت کر رہی ہے جبکہ کورونا کی وبا کے دوران ملتان کے ڈاکٹرز، ریسکیو اہلکاروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف میں حفاظتی سامان اور عوام میں بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائی، الخدمت فاونڈیشن خدمت انسانیت پر یقین رکھتی ہے، ہمارے رضاکار بلاتفریق رنگ، نسل، مذہب ہر جگہ پہنچے گرجا گھر، مندر اور مساجد میں سپرے کیے گئے، جن کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ محمود گروپ کے تعاون سے ایک بہت بڑا کام آج سرانجام دینے میں کامیاب ہوئے۔ الخدمت فاونڈیشن ہر قومی تہوار کے موقع ان بچوں کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کرتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 863621

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/863621/مشکل-وقت-میں-الخدمت-فاونڈیشن-کیجانب-سے-یتیموں-کی-خدمت-قابل-تعریف-ہے-جلال-الدین-رومی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org