0
Tuesday 19 May 2020 22:38

ہم گورنر راج لگانے کے پی ٹی آئی کے مطالبے کی پر زور مذمت کرتے ہیں، ناصر حسین شاہ

ہم گورنر راج لگانے کے پی ٹی آئی کے مطالبے کی پر زور مذمت کرتے ہیں، ناصر حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات، بلدیات، جنگلات و جنگلی حیات و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم گورنر راج لگانے کے پی ٹی آئی کے مطالبے کی پر زور مذمت کرتے ہیں، سندھ حکومت پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ انہوں نے ہر ایک شعبہ کو خراب کردیا ہے اور اس کو بنیاد بناکر سندھ میں گورنر راج لگانے کی بات کی جاتی ہے جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے، سندھ میں ہر شعبہ میں ریکارڈ ترقی ہوئی ہے اور یہ لوگ نہیں چاہتے کہ سندھ مزید ترقی کرے اسی وجہ سے گورنر راج لگا کر منتخب حکومت کو ہٹانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایسا کرنا کوئی آسان نہیں اور یہ لوگ صرف بڑھکیں مار رہے ہیں اور اگر ایسا کیا تو ان کو پتا چل جائے گا کہ اس کے کیا نتائج بر آمد ہوتے ہیں، عوام اپنی منتخب کی ہوئی سندھ حکومت کے ساتھ ہیں اور وہ کوئی بھی غیر آئینی قدم برداشت نہیں کریں گے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو من و عن عمل کیا جائے گا اور سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آیا ہے اس پر بحث مناسب نہیں ہے اور نہ اس پر کوئی تبصرہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 26 فروری کو پہلا کیس آتے ہی پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ماہرین پر مشتمل ایک ٹاسک فورس بنا دی تھی جس میں ہر شعبہ بشمول صحت کے ماہرین بھی شامل تھے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق اور WHO کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جس کو بعد میں پورے ملک میں نافذ کیا گیا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جس طرح سپریم کورٹ کے احکامات آئے ہیں ان پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا اور تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ بازار اور مارکیٹ کھولی جائیں گی اور ہم عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اس میں ان کا اپنا ہی فائدہ ہے، یہی کوشش کریں گے کہ لوگوں سے ایس او پی سپر اور احتیاطی تدابیر پر عمل کروائیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم نے شروع دن سے ہی کہہ دیا تھا کہ میں پرائم منسٹر کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قومی پالیسی پر ہم اپنی حکومت کو سپورٹ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 863651
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش