0
Tuesday 19 May 2020 22:49

سپریم کورٹ کا شاپنگ سینٹرز اور مارکیٹس کھولنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، کاشف شیخ

سپریم کورٹ کا شاپنگ سینٹرز اور مارکیٹس کھولنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، کاشف شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے سپریم کورٹ کی جانب سے پورے ملک میں شاپنگ سینٹرز اور کاروبار کھولنے کے فیصلے کو خوش آئند اور عوام کے دل کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا یہ حکم حکومت کیلئے سہولت کاری کا باعث بنے گا، معاشی بندشیں ایک حد تک تو جاری رکھی جا سکتی ہیں، لیکن پاکستان جیسا غریب اور معاشی بحران کا شکار ملک طویل لاک ڈاﺅن کا متحمل ہرگز نہیں ہوسکتا۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ مارکیٹوں اور بازاروں میں احتیاطی تدابیر پر عمل کروانے کیلئے مارکیٹ کمیٹیوں کو بھی اپنی بھرپور ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، حکومتی رضاکار پُرہجوم مارکیٹوں میں ہاتھ دھونے کے انتظامات، لوگوں کو ماسک پہننے کی تلقین اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے آمادہ کریں تو اس کے بہتر نتائج برآمد ہونگے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے انتظامات کو یقینی بنائے کہ کاروبار کی بحالی کو کورونا سے بچاﺅ کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رکھا جا سکے، یہ کام دکانداروں اور خریداروں کو زیادہ آگاہی فراہم کرنے سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او اور طبی ماہرین کی رائے میں کورونا جلدی جانے والا نہیں ہے، اس لئے کورونا کے ساتھ جینا پڑے گا، اس لئے غیر معینہ مدت تک کاروبار بند رکھ سکتے ہیں اور نہ معاشی، صنعتی اور پیداوری سرگرمیاں منجمد کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت اور ملک کا معاشی پہیہ چلانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر بھرپور عمل کرکے ذمہ دار قوم ہونے کا ثبوت دیں۔
خبر کا کوڈ : 863655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش