QR CodeQR Code

سندھ حکومت نے شاپنگ مال کھولنے کی اجازت دیدی

19 May 2020 23:01

شاپنگ مال میں موجود بیوٹی پارلر اور سیلون کے ساتھ گیم، پلے ایریا اور فوڈ کورٹ نہیں کھولے جا سکیں گے، ان پر پابندی برقرار رہے گی۔


اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت سندھ حکومت نے شاپنگ مال کھولنے کی اجازت دیدی ہے اور شاپنگ مالز کی اوپننگ کو بھی ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ شاپنگ مال میں موجود بیوٹی پارلر اور سیلون کے ساتھ گیم، پلے ایریا اور فوڈ کورٹ نہیں کھولے جا سکیں گے، ان پر پابندی برقرار رہے گی۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق دکانیں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بھی کھولی جا سکیں گی، لیکن سندھ میں تجارتی مراکز، بازار اور شاپنگ مالز کھلے رکھنے کیلئے وقت کی پابندی صبح آٹھ تا شام پانچ بجے بدستور قائم رہے گی۔

سندھ حکومت نے شاپنگ مالز کھولنے سے متعلق نوٹیفیکیشن میں کہا ہے کہ شاپنگ مالز میں آنے والے خریداروں کو ماسک کے بغیر داخل نہیں ہونے دیا جائے گا اور خریداروں کو ہینڈ سینٹائزر مہیا کیا جائے گا اور تھرمل گن سے اسکریننگ لازمی کی جائے گی، جس کے بغیر داخلہ ممنوع ہوگا۔ کورونا وائرس کی علامات کے لوگوں کو شاپنگ مالز میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، بچوں اور 55 سال سے زائد عمر والوں کا شاپنگ مالز میں داخلہ ممنوع ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد شاپنگ مال سے متعلق ایس او پیز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 863659

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/863659/سندھ-حکومت-نے-شاپنگ-مال-کھولنے-کی-اجازت-دیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org