QR CodeQR Code

ہم کراچی اور لاڑکانہ والوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، انیس قائم خانی

19 May 2020 23:10

پریس کانفرنس کے دوران صدر پی ایس پی نے کہا کہ ہم عیدالفطر کے بعد بتائیں گے کہ کراچی کے ساتھ ساتھ لاڑکانہ بھی ہمارا ہے، آج گلی گلی میں یہ بات ہو رہی ہے کہ کورونا وائرس ہے بھی یا نہیں ہے؟ عام آدمی کی یہ سوچ صوبائی اور وفاقی حکومت کے اختلافات کی وجہ سے بنی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنما انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ ہم کراچی اور لاڑکانہ والوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پی ایس پی دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران انیس قائم خانی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور میئر کراچی وسیم اختر کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بند کمرے میں بیٹھ کر کورونا وائرس پر سیاست نہ کریں جبکہ میئر کراچی 4 برس سے کچرے کی سیاست کررہے ہیں۔ پی ایس پی رہنما نے مزید کہا کہ ہم عیدالفطر کے بعد بتائیں گے کہ کراچی کے ساتھ ساتھ لاڑکانہ بھی ہمارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج گلی گلی میں یہ بات ہو رہی ہے کہ کورونا وائرس ہے بھی یا نہیں ہے؟ عام آدمی کی یہ سوچ صوبائی اور وفاقی حکومت کے اختلافات کی وجہ سے بنی ہے۔

انیس قائم خانی نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ میں ملاقات تک نہیں ہورہی، عمران خان کو سنیں تو لگتا ہے کہ چلو گھومنے چلیں، دوسری طرف مراد علی شاہ کو سنیں تو لگتا ہے کہ کمرے میں بند ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کے نتائج جیسے بھی تھے ہم نے حکومت کو تسلیم کیا لیکن دو سال ہوگئے، کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی۔ پی ایس پی رہنما نے کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں پولیس کی بھرتیاں ہوئیں مگر کراچی والوں کو ہی دور رکھا گیا، میئر کراچی کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی، کچرا اور دیگر مسائل پر میئر کراچی اور سندھ حکومت دونوں کہتے ہیں ہمارا اختیار نہیں۔


خبر کا کوڈ: 863661

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/863661/ہم-کراچی-اور-لاڑکانہ-والوں-کو-تنہا-نہیں-چھوڑیں-گے-انیس-قائم-خانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org