0
Tuesday 19 May 2020 23:41

ڈبلیو ایچ او کا آزادانہ اور شفاف تحقیقات پر رضامندی کا اظہار

ڈبلیو ایچ او کا آزادانہ اور شفاف تحقیقات پر رضامندی کا اظہار
اسلام ٹائمز۔ عالمی ادارہ صحت کے اراکین نے کورونا وائرس کے خلاف عالمی ردعمل کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ جنیوا میں آن لائن منعقدہ عالمی ادارہ صحت کے سالانہ اجلاس میں تمام 194 اراکین نے کسی اعتراض کے بغیر تحقیقات کی منظوری دے دی جس میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ اس وائرس کے خلاف عالمی ادارہ صحت کا کیا کردار رہا۔ کورونا وائرس کے خلاف ردعمل کے معاملے میں امریکا نے عالمی ادارہ صحت کے کردار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ سالانہ اجلاس میں یورپی یونین نے اپنے 100اراکین کی طرف سے قرارداد پیش کی جس میں وائرس کے خلاف بین الاقوامی ردعمل کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں عالمی ادارہ صحت کے کورونا وائرس کے خلاف ردعمل کا بھی جائزہ لیا جائے گا کیونکہ عالمی ادارے کو یہ کہہ کر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ اس نے ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کرنے میں کافی تاخیر کی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ دنیا وائرس کے کسی علاج اور ویکسین تک شفاف، بروقت اور برابری کی بنیاد پر رسائی یقینی بنائے اور عالمی ادارہ صحت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس بات کی بھی تحقیقات کرے کہ اس وائرس کا اصل ذریعہ کیا ہے اور یہ کسی ذریعے انسانی آبادی میں منتقل ہوا۔ عالمی ادارہ صحت کی اسمبلی کے صدر اور بہامس کے سفیر کیوا بین نے کہا کہ قرارداد پر کوئی بھی اعتراض نہیں اٹھایا گیا لہٰذا قرارداد کو تسلیم کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ملک میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثرین اور اموات کا ذمے دار عالمی ادارہ صحت کو قرار دیتے ہوئے کہتے رہے ہیں کہ اس نے درست وقت پر اس مرض کے حوالے سے ایمرجنسی کا اعلان نہیں کیا اور دنیا کو اس مرض کی شدت کے حوالے سے بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 863677
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش