0
Wednesday 20 May 2020 14:25

شمالی وزیرستان، غیرت کے نام پر دو لڑکیوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

شمالی وزیرستان، غیرت کے نام پر دو لڑکیوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان پولیس نے غیرت کے نام پر دو لڑکیوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دیدی۔ قتل ہونے والی لڑکیوں کے ساتھ ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے ملزم ایاز کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ لڑکیوں کو مبینہ طور پر قتل کرنے والے ملزم محمد اسلم کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈا پور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے آئی جی کے حکم پر دو لڑکیوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں تجربہ کار پولیس افسران شامل ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق واقعے کا مقدمہ پولیس نے اپنی مدعیت میں درج کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تفتیش سائنسی خطوط پر جاری ہے۔ ڈی پی او کے مطابق ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں، جبکہ لڑکیوں کو قتل کرنے والے ملزم محمد اسلم کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے، جلد انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کو قتل کرنے والا ملزم محمد اسلم لڑکیوں کا چچازاد بھائی ہے، جبکہ ویڈیو میں نظر آنے والی تیسری لڑکی اسلم کی بیوی ہے جو اسوقت روپوش ہے کیوں کہ اس کی بھی جان کو خطرہ ہے، پولیس اسے بھی ڈھونڈںے کی کوشش کر رہی ہے۔ قتل کی جانے والی دونوں لڑکیوں کی عمریں 16 اور 18 سال ہیں اور انہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 863815
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش