QR CodeQR Code

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد کی ملاقات

20 May 2020 23:01

گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران عمران اسماعیل نے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے سماجی فاصلہ وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے، عوام کورونا وائرس سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل کریں کیونکہ جب تک اس وباء کی ویکسین نہیں بن جاتی ہم نے بہت احتیاط کرنا ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، آفتاب صدیقی اور اشرف قریشی شامل تھے۔ گورنر سندھ نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سندھ کے اسپتالوں کو حفاظتی لباس فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ سے کہا کہ وہ PPE، سرجیکل ماسک، فیس شیٹ، سینیٹائزر ہسپتالوں کو پہنچائیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ایک کنٹینر میں موجود یہ طبی سازوسامان چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال لاڑکانہ،شکار پور اور گھوٹکی کے اسپتالوں کو دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے نبرد آزما ڈاکٹر و طبی عملہ فرنٹ لائن سولجرز ہیں، ڈاکٹرز اور طبی عملہ کی حفاظت کے لئے وفاق کا ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے سماجی فاصلہ وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے، عوام کورونا وائرس سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل کریں کیونکہ جب تک اس وباء کی ویکسین نہیں بن جاتی ہم نے بہت احتیاط کرنا ہوگی۔ واضح رہے کہ صوبہ کے ینگ ڈاکٹرز حفاظتی سامان کی عدم فراہمی پر احتجاج کررہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 863903

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/863903/گورنر-سندھ-عمران-اسماعیل-سے-اراکین-قومی-صوبائی-اسمبلی-کے-وفد-کی-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org