0
Thursday 21 May 2020 18:52

اسرائیل ناجائز ریاست، کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے، جے یو پی

اسرائیل ناجائز ریاست، کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے، جے یو پی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید محمد محفوظ مشہدی اور جے یو پی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سردار محمد خان لغاری نے کہا ہے کہ قدس کی آزادی عالم اسلام کا مسئلہ ہے، مسلم ریاستیں اسرائیل کے مظالم کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت کریں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 1949ء کی جنیوا قرارداد پر عملدرآمد کیا جائے، جبکہ 1980 میں منظورکی جانیوالی اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 465 کے مطابق فلسطینیوں کے حقوق دئیے جائیں اور اسرائیلی مظالم بند کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام قبلہ اول کی آزادی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی جدوجہد اور اس کے قیام کا مطالبہ کرتا رہے گا۔ اسرائیل کی ناجائز ریاست امریکہ کی بدمعاشی اور صیہونی قوتوں کی وجہ سے قائم ہے۔ مسلمان ممالک فلسطینی ریاست کے قیام کو ایک مطالبے کے طور پر اقوام متحدہ میں پیش کریں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ 14 مئی 1948ء کو طے شدہ منصوبے کے تحت دنیا بھر سے یہودیوں کو اکٹھا کرکے اسرائیل کی ناجائز ریاست کا قیام عمل میں لایا گیا اور مسلمانوں کو اپنے ہی علاقے سے چن چن کر نکالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 72 سالوں سے فلسطینی مسلمان اپنے گھر چھوڑ کر خود اپنی ہی سرزمین پر مہاجر بنے ہوئے ہیں اور قابض اسرائیل ان پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل میں دنیا بھر سے لائے گئے یہودیوں کو ان کی اپنی جگہوں پر واپس بھیجا جائے اور ہجرت پر مجبور کئے گئے مسلمانوں کو ان کی اپنی سرزمین پر واپس لاکر بسایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اسرائیل کی سرپرستی کرکے اور متنازع یروشلم میں اپنا سفارتخانہ قائم کرکے مسلمانوں کی غیرت کو للکار رہا ہے، اہل اسلام کا مطالبہ ہے کہ امریکہ سفارتخانہ واپس لے جائے اور ناجائز سرزمین کو استعمال نہ کرے۔ جے یو پی کے رہنماوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ نے اسرائیل کے قیام کو مسترد کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ یہ ایک ناجائز ریاست ہے اور اسے کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے، فلسطینی مظلوم ہیں قائداعظم نے ہمیشہ مظلوم کیلئے اپنی آواز بلند کی۔
خبر کا کوڈ : 863979
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش