0
Thursday 21 May 2020 18:42

یوم القدس نے امریکہ، اسرائیل و برطانیہ کی دہشتگردی کا پردہ فاش کیا ہے، مولانا سبط شبیر

یوم القدس نے امریکہ، اسرائیل و برطانیہ کی دہشتگردی کا پردہ فاش کیا ہے، مولانا سبط شبیر
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی اور صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے یوم القدس کے موقع پر مظلومین جہاں بالخصوص فلسطینی عوام کے تئیں ہمدردی و یکجہتی اور امریکہ، برطانیہ و اسرائیل سمیت دیگر غاصب قوتوں کے خلاف بھرپور نفرت و بیزاری کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے روز جہاں قدس کو یوم احیائے ملت قرار دیا اور کہا کہ ملت اسلامیہ کا قبلہ اول غاصب اور جابر اسرائیل کے نرغے میں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ملت آپسی اختلافات میں مشغول ہوکر ملت خفتہ کا مصداق بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حد درجہ تشویشناک بات یہ ہے کہ یہودی اور عیسائی جو آپس میں سخت ترین دشمن ہے لیکن مسلمان کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد و متفق ہوگئے ہیں مگر ہمارے ٹھیکہ دار ہمیں فروعی اختلافات میں مشغول رکھ کر ایک دوسرے پر کفر کا فتوٰی لگانے میں مصروف ہیں۔ مولانا شبیر قمی اور مولانا شبیر احمد صوفی نے مشترکہ پریس بیان میں کہا کہ ایک طرف ہمارے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو ظلم و زیادتی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، دوسری طرف ہمارے نام نہاد حکمران اور مذہب اسلام کے ٹھیکہ دار ان غاصب و جابر یہودیوں مسلمانوں کے دشمن ازلی امریکہ کے ہاتھ میں ہاتھ ملا کر ان کے ساتھ تعلقات بڑھا رہے ہیں اور ان کی غلام نوازی میں کوئی بھی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں۔

انہوں نے رہبر کبیر بانی انقلاب حضرت امام خمینی (رہ) کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام راحل کے کاوشوں سے ہی مسئلہ فلسطین زندہ و جاوید ہے اور اس مشن کے مجاہد اعظم آیت اللہ امام خامنہ ای کے مدبرانہ اور ولولہ انگیز قیادت کی وجہ سے ہی یہ مسئلہ عالمی ایوانوں میں امریکہ و اسرائیل کی ذلالت و رسوائی کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم قدس نے امریکہ، اسرائیل و برطانیہ کو رسوا کرکے ان کی دہشت گردی کا پردہ فاش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو چاہیئے کہ اس روز من و عن امریکہ، اسرائیل اور اس کے پروردہ غلاموں کے خلاف بھرپور نفرت و بیزاری کا اظہار کریں اور کھلم کھلا مستضعفین جہاں بالخصوص فلسطینی عوام کی حمایت اور قبلہ اول کی بازیابی کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں یوم القدس کی ریلیاں اگرچہ منسوخ ہوچکی ہیں تاہم امت اسلامیہ سوشل میڈیا، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اسرائیل و امریکہ کے خلاف بڑے پیمانے پر اپنا احتجاج درج کریں۔
خبر کا کوڈ : 864073
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش