0
Thursday 21 May 2020 19:06
مسلمانوں کے قبلہ اول کے نام پر امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا

امام خمینی کی کوششوں سے آج پوری دنیا فلسطینیوں کیساتھ کھڑی ہے، حمایت مظلومین فلسطین کانفرنس

القدس زمینی مسئلہ نہیں، یہ روح کا معاملہ ہے، علامہ امین شہیدی، لیاقت بلوچ و دیگر کا خطاب
امام خمینی کی کوششوں سے آج پوری دنیا فلسطینیوں کیساتھ کھڑی ہے، حمایت مظلومین فلسطین کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام حمایت مظلومینِ فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ قاف کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ یہود و نصاریٰ کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ استکباری طاقتوں کی رعونت پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن چکی ہے، خمینی بت شکن کی کوششوں کی بدولت آج دنیا بھر میں فلسطین کے حق میں آواز بلند ہو رہی ہے، یہ آواز اسی انداز سے دنیا کے کونے کونے تک پھیلے گی۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے القدس سمینار کے انعقاد پر مجلس وحدت مسلمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز صیہونی ریاست کیخلاف آج دنیا بھر میں نفرت کا اظہار کیا جا رہا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم مظلومین فلسطین کیساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدی کی ڈیل کے نام پر اسرائیل کو  تحفظ دینے کی جو کوشش کی جا رہی ہے، وہ قابل مذمت ہے، قاسم سیلمانی ایک دلیر سپاہی تھے، جنہوں نے اپنی زندگی القدس کی آزادی کیلئے وقف کر رکھی تھی، ایرانی قوم میں امام خمینی نے جو انقلابی روح پھونکی ہے، وہ آج بھی ان کے جسموں میں زندہ ہے، مسلمانوں کے قبلہ اول کے نام پر امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ حیات ہے، غیر مقامی لوگوں اور ہندووں کو وہاں آباد کرکے مقامی لوگوں کو بے دخل کرنے کے منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا اسرائیل ہمیشہ عالم اسلام کی پیٹھ پر وار کرتا آیا ہے، لیکن ڈیل آف سنچری کے ذریعے اس نے مسلمانوں کے سینے میں خنجر گھونپنے کی کوشش کی ہے۔

علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ یوم القدس اس حکمت و بصیرت کا نام ہے، جس نے ساری دنیا کے مسلمانوں کے دلوں میں قدس کو ہمیشہ زندہ رکھنا ہے۔ پاکستانی قوم نے اپنے عمل سے یہ ثابت کیا کہ وہ ظالموں کی مخالف اور مظلوموں کی حمایتی ہے۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈہ پور نے کہا ہے کہ القدس زمینی مسئلہ نہیں، یہ روح کا معاملہ ہے۔ پہلی اور دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ اسلام اور کفر کا معرکہ ہے۔ فلسطین میں صیہونی تسلط قائم کرنے کیلئے وہاں یہودیوں کو آباد جبکہ مقامی مسلمانوں کو بے دخل کیا جا رہا ہے، جو سراسر ناانصافی اور بدترین ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے جذبہ شہادت کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

آئی ایس او کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے کہا کہ امریکہ کی پوری کوشش ہے کہ ڈیل آف سینچری کے ذریعے فلسطینیوں کا سودا کر لیا جائے اور بے حس مسلمانوں کو فلسطین کے موضوع پر خاموش رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے ایشو کو زندہ رکھنا ہی ایک بڑی کامیابی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی رہنما سیدہ زہراء نقوی نے کہا کہ مظلومین کے حق میں آواز بلند کرنا ہماری شرعی ذمہ داری ہے، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ہمارے اصولی موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔ کانفرنس سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء سید اسد نقوی اور حنا نقوی کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 864076
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش