0
Thursday 21 May 2020 23:33

حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے فوری ریلیف اقدامات کرے، مشتاق خان

حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے فوری ریلیف اقدامات کرے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ اس وقت کرونا کی وبا کی وجہ سے سمندر پار بالخصوص ملائیشیاء اور خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی شدید مشکلات اور آزمائش کا شکار ہیں، اوورسیز پاکستانی سالانہ 20 ارب ڈالر کا خطیر زر مبادلہ پاکستان کی معیشت میں جمع کرواتے ہیں، جو پاکستان کی کل برآمدات کے برابر ہے، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان ممالک میں محنت و مزدوری کیلئے موجود پاکستانی شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں، جہاں ایک طرف وہ گھروں میں محصور ہیں اور ان کا روزگار ختم ہوچکا ہے اور بہت تیزی کے ساتھ ان کے ڈیروں میں کرونا پھیل رہا ہے، اس لئے وہاں ان کو علاج اور خوراک کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اوور سیز پاکستانیوں سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومتی اداروں، وزارت خارجہ اور سفارت خانوں کے کردار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ اس تمام صورتحال سے غافل ہیں اور کسی بھی قسم کا ریلیف فراہم کرنے اور کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں میں سے 30 لاکھ سے زائد پشتون ہیں، جن میں اکثریت مزدوروں کی ہے، جو بیروزگاری کی وجہ سے واپس پاکستان آنا چاہتے ہیں۔ حکومت نے 2 مہینے انتظار کروانے کے بعد انتہائی تاخیر سے ان کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں شروع کی ہیں، لیکن جہاز کا ٹکٹ کئی گناہ زیادہ مہنگا اور بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے، جو ان غریب مزدوروں کی استطاعت سے باہر ہے۔ حکومت کو فی الفور اوورسیز پاکستانیوں کو تحفظ اور سہولت دینے کا احساس دلاتے ہوئے ان کے لئے تمام سفارتخانوں میں 24 گھنٹے سروس کا اجراء کرنا چاہیئے، ان کے لیے علاج فراہم کرنے کے لیے متعلقہ ممالک سے خصوصی رابطہ کرنا چاہیئے اور ان کی فی الفور واپسی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کو پشاور میں قرنطینہ کی سہولت دینے کو تیار ہے۔ یہ وبا ایک عالمی مسئلہ ہے، جس سے بیک وقت پوری دنیا نبرد آزما ہے، ہمیں حوصلے، عزم اور احتیاطی تدابیر کو بروئے کار لاتے ہوئے اللہ‎ پاک سے خصوصی تائید نصرت کی دعاوں کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے اس وقت تک 2 ارب مالیت کا تعاون عوام کے ساتھ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 864124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش